عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آگئی، لندن سے ڈاکٹر کی اڈیالہ جیل آمد کی تصدیق

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 10 اگست کو اڈیالہ جیل میں ہونے والے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں لندن سے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کو جیل بلائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر فرقاد عالمگیر، ڈاکٹر عارف خان، ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور ڈاکٹر علی عارف شامل تھے۔
میڈیکل بورڈ نے عمران خان کا انزائٹی لیول ’تھری پلس‘ قرار دیتے ہوئے بلڈ پریشر اور انزائٹی کنٹرول کرنے کے لیے روزانہ ایک گھنٹہ واک کی سفارش کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق بورڈ نے عمران خان کو اہل خانہ سے ملاقات، اخبار، ٹی وی اور کتابیں فراہم کرنے کی بھی سفارش کی، جبکہ اہلیہ سے ملاقاتوں میں اضافے کی تجویز بھی دی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کا نام عمران خان کے علاج سے متعلق حالیہ مذاکراتی عمل میں بھی سامنے آیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ وفاقی حکومت نے تشکیل دیا تھا۔



