ایلن گنزبرگ کی نظم ’’ہاؤل‘‘ نے امریکی معاشرے اور ادبی آزادی کو کیسے بدل دیا؟
2025 میں امریکا کی لائبریریوں میں کتابوں پر پابندی یا انہیں ہٹانے کے 5,668 واقعات ریکارڈ کیے گئے

امریکی شاعر ایلن گنزبرگ کی نظم ’’ہاؤل‘‘ (Howl) نے نہ صرف 1950 کی دہائی کے امریکی معاشرے میں ہلچل مچائی بلکہ اس پر چلنے والے فحاشی کے مقدمے نے ادبی آزادی اور سنسرشپ کے حوالے سے ایک تاریخی نظیر بھی قائم کی۔

گنزبرگ نے 7 اکتوبر 1955 کو سان فرانسسکو کی سکس گیلری میں پہلی مرتبہ ’’ہاؤل‘‘ پیش کی۔ یہ نظم بعد میں بیٹ جنریشن کی نمائندہ تخلیق بن گئی، جو دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکا کے روایتی سماجی نظام، ہم جنس پرستی پر پابندیوں، معاشرتی مطابقت اور ریاستی جبر کو مسترد کرنے والی ادبی و ثقافتی تحریک تھی۔
1956 میں نظم پر مشتمل کتاب Howl and Other Poems شائع ہوئی، تاہم اس کی واضح جنسی زبان، منشیات کے استعمال، ہم جنس پرستی اور ذہنی بیماری کے موضوعات نے مذہبی اور قدامت پسند حلقوں میں شدید ردعمل پیدا کیا۔ 1957 میں برطانیہ سے امریکا بھیجی گئی کتاب کی 520 کاپیاں کسٹمز حکام نے ضبط کرلیں۔

بعد ازاں سٹی لائٹس بک اسٹور کے مالک لارنس فرلنگیٹی اور منیجر شیگ موراﺅ کو کتاب فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے فحش مواد کی فروخت کا مقدمہ چلایا گیا۔ مقدمہ 16 اگست 1957 کو شروع ہوا اور اس نے قومی سطح پر توجہ حاصل کی۔
دفاع کی جانب سے معروف وکیل جیک ایرلچ نے متعدد ادیبوں، اساتذہ اور ادبی ناقدین کو بطور گواہ پیش کیا، جنہوں نے نظم کی ادبی اور سماجی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ دوسری جانب استغاثہ کا مؤقف تھا کہ نظم میں کوئی سماجی قدر نہیں اور یہ نوجوانوں میں اخلاقی بگاڑ کو فروغ دیتی ہے۔
3 اکتوبر 1957 کو جج کلیٹن ہارن نے فیصلہ سناتے ہوئے ’’ہاؤل‘‘ کو فحش قرار دینے سے انکار کردیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ نظم میں ’’سماجی اہمیت‘‘ موجود ہے اور کسی ادبی تخلیق کے چند الفاظ یا حصوں کے بجائے اسے مجموعی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

اس فیصلے کو امریکا میں آزادی اظہار اور ادبی خودمختاری کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔ اس کے بعد کئی ایسی کتابوں کی اشاعت اور فروخت کی راہ ہموار ہوئی جنہیں پہلے سنسرشپ کا سامنا تھا، جبکہ فلم سازوں کو بھی ایسے موضوعات پیش کرنے میں نسبتاً زیادہ آزادی ملی جنہیں پہلے ممنوع سمجھا جاتا تھا۔
فیصلے کے بعد ’’Howl and Other Poems‘‘ نے بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کی اور اس کی تقریباً 10 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ گنزبرگ بیٹ جنریشن اور بعد ازاں 1960 کی دہائی کی امریکی ثقافتی تحریک کے اہم نمائندوں میں شمار ہونے لگے۔
ماہرین کے مطابق ’’ہاؤل‘‘ کے مقدمے نے امریکی معاشرے میں آزادی اظہار، جنسی آزادی اور انفرادی خودمختاری سے متعلق بحث کو نئی سمت دی۔ گنزبرگ بعد میں ویتنام جنگ کے خلاف احتجاجی تحریک میں بھی نمایاں نظر آئے اور 1969 کے شکاگو سیون مقدمے میں بطور دفاعی گواہ پیش ہوئے، جہاں انہوں نے ’’ہاؤل‘‘ کے حصے بھی پڑھے۔
تاہم کتابوں پر پابندی کا معاملہ آج بھی ختم نہیں ہوا۔ امریکی لائبریری ایسوسی ایشن کے مطابق 2025 میں امریکا کی لائبریریوں میں کتابوں پر پابندی یا انہیں ہٹانے کے 5,668 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جو ایک ریکارڈ تعداد ہے۔



