column and articlelatest news

شاہد عثمان کی نظم (ایک شہرِ بے آدم) انسان کی باطنی ویرانی کا استعارہ

خالد منصور

ایم شاہد عثمان قانون دان، سماجی کارکن، مصنف اور شاعر ہیں۔ ان کی نظم ’’ایک شہرِ بے آدم‘‘ ان کے شعری اظہار کے حوالے سے تنہائی، احساسِ محرومی، خاموشی اور وجودی کرب کی علامتوں کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ نظم میں شاعر ایک ایسے شہر کا تصور پیش کرتا ہے جہاں انسان کی موجودگی سے زیادہ اس کی عدم موجودگی، باطنی تنہائی کے احساسات کی گونج نمایاں ہے۔
نظم کی یہ سطریں دیکھیئے ۔۔۔۔
ہم نے ایسے دیکھا ہے

جیسے بے بصر کوئی
انگلیوں کی پوروں سے
دل میں جھانک لیتا ہے

یہاں بصارت کے بجائے لمس کے ذریعے دل میں جھانکنے کا استعارہ احساس کی گہرائی اور باطن تک رسائی کی خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح ’’دل کی لوح پر ٹھہری قطرہ قطرہ تنہائی‘‘ تنہائی کو ایک ایسے تجربے میں بدل دیتی ہے جو وقت کے ساتھ دل پر نقش ہوتا چلا جاتا ہے۔

نظم میں خاموشی، پتھر، ریگ زار اور منجمد آنسو محض تصویری پیکر نہیں بلکہ ایک بے حس اور بے تعلق ماحول میں انسانی وجود کی بے بسی کے استعارے ہیں۔ شاعر کا تخیل داستانوں، کوہ قاف، شہزادوں اور بے نشان محلوں سے گزرتا ہوا بالآخر انسان کی تلاش پر آ ٹھہرتا ہے

اشک منجمد ہو کر
شش جہات میں ڈھونڈیں
کوئی پیکرِ آدم

یہ مصرعے نظم کے مرکزی کرب کو سمیٹتے ہیں ایک ایسی دنیا میں انسان کی تلاش جہاں احساسات تو موجود ہیں، مگر انہیں سمجھنے اور بانٹنے والا کوئی نہیں۔

بنیادی طور پر ’’ایک شہرِ بے آدم‘‘ انسانی تنہائی، سماجی بیگانگی اور احساس کی گم ہوتی ہوئی دنیا کی علامتی نظم ہے۔ شاہد عثمان کے ہاں شہر محض جغرافیائی مقام نہیں رہتا بلکہ انسان کی باطنی ویرانی کا استعارہ بن جاتا ہے۔ نظم کی تصویریت، علامتی زبان اور داستانوی فضا اسے محض ذاتی اداسی کے اظہار سے آگے لے جا کر انسانی وجود کے ایک وسیع تر تجربے سے جوڑ دیتی ہے، مکمل نظم ملاحظہ فرمائیں۔

ایک شہرِ بے آدم
ہم نے ایسے دیکھا ہے
جیسے بے بصر کوئی
انگلیوں کی پوروں سے
دل میں جھانک لیتا ہے
اور دیکھ لیتا ہے
دل کی لوح پر ٹھہری
قطرہ قطرہ تنہائی
چشمِ نم کی بینائی

ایک شہر بے آدم

خامشی کی آہٹ سے
پردۂ سماعت پر
نقش یوں بناتا ہے
جیسے اجنبی کوئی
اجنبی زبانوں کی
لوک داستانوں کے
قصہ ہائے طولانی
چھوڑ کر ادھورے ہی
بے نشان دیسوں کی
سمت لوٹ جاتا ہے

ایک شہرِ بے آدم

پتھروں کی وادی میں
خاک پر ہے استادہ
یوں جما ہوا جیسے
کوہ قاف میں کوئی
نوجوان شہزادہ
مورتی کے پیکر میں
سایۂ شجر میں ہو
یا کسی دریچے میں
یا کسی پری وش کے
طاقچے کا پتھر ہو

ایک شہرِ بے آدم

خامشی میں لپٹا سا
پتھروں میں سمٹا سا
ریگ زارِ دل میں ہم
ایسے منعکس دیکھیں
جیسے آسمانوں سے
آیتیں اترتی ہیں
اور جمنے لگتی ہیں
لمس کی توقع میں
جیسے داستانوں کے
بے نشان محلوں میں
قید خوبروؤں کے
اشک منجمد ہو کر
شش جہات میں ڈھونڈیں
کوئی پیکرِ آدم

شاہد عثمان نے یہ نظم، رواں ماہ حلقہ ارباب ذوق کے تنقیدی اجلاس میں پیش کی تھی جسے اجلاس میں شریک شعری ادب کے جانکاروں نے مختلف زاویوں سے پرکھا، سراہا اور سندِ قبولیت عطا کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button