column and articlelatest news

خاکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ادب کا ماہی منڈا

ڈاکٹر جواز جعفری

84-1985ء کی بات ہے شیخوپورہ میں ایک بہت بڑا مشاعرہ منعقد ہوا جس میں حضرت شیر افضل جعفری، صفدر حسین جعفری، پروفیسر شارب، امین گیلانی، اسرار زیدی، بے دل پانی پتی، معین تابش، ناہید شاہد، سلمان گیلانی اور بہت سے دوسرے شعراء شریک ہوئے، مشاعرے کے مہتمم ممتاز ہاشمی تھے جو پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے مگر شاعر بہت عمدہ تھے ان کے آنے سے شیخوپورہ کی ٹھہری ہوئی ادبی فضا میں اچھی خاصی ہلچل دیکھنے میں آئی انہوں نے اپنے نوجوان پیروکاروں (صحیفہ کے موجودہ ایڈیٹر ارشد نعیم اور جواں مرگ شاعر حسن جاوید) کی معاونت سے نہ صرف عمدہ تقاریب منعقد کیں بل کہ ’’اساس‘‘ کے نام سے ایک ادبی پرچہ بھی جاری کیا۔

اس مشاعرے کی صدارت شیر افضل جعفری نے کی تھی جن کی غزل کا لسانی تشکیلات کے حوالے سے بہت شہرہ تھا، دُبلے پتلے، سانولے سلُونے اور منکسر المزاج شیر افضل جعفری کی سفید پگڑی کا شملہ فاتحین کے پھریروں کی طرح لہراتا تھا، اس زمانے میں میں اور سجاد انور بی اے کے طالب علم تھے اور تعلیمی اداروں میں منعقدہ بین الکلیاتی مشاعروں میں حصہ لینے کے لیے دوبار گورنمنٹ کالج جھنگ جا چکے تھے۔ پہلے سال جب ہم دونوں تاخیر سے مشاعرے میں پہنچے تو شیر افضل جعفری کی صدارت میں ہونے والا مشاعرہ اپنے اختتام کو پہنچ رہا تھا مگر جعفری صاحب نے نہایت محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مجھے مشاعرے میں شریک ہونے کی اجازت دی بل کہ جب نتائج کا اعلان ہوا تو مجھے اوّل انعام سے بھی نوازا گیا۔ شیر افضل جعفری نے اپنے صدارتی خطبے میں میری غزل کو ’’گندل‘‘ قرار دیا۔ آج ایک بار پھر وہ اس اہم مشاعرے کی صدارت کر رہے تھے۔
مشاعرہ اپنے عروج پر تھا جب مجھے ایک ضروری کام سے اُٹھ کر جانا پڑا مجھے مشاعرہ گاہ سے باہر نکلے چند منٹ ہی ہوئے تھے کے مشاعرہ اچانک داد و تحسین کی صدائوں سے گونج اُٹھا جلدی سے واپس آیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہی چپ چاپ عورت جسے میں شاعر کی بجائے سامع سمجھا تھا مائیک کے سامنے کھڑی اپنی پنجابی نظم سنا رہی تھی
وے کیہڑا ایں
میریاں آندراں نال مَنجی پیا اُندنا؟
میرا دل
داون آلے پاسے رکھیں
تے اکھاں سرہانے بنّے
میں سرہانے تے پھُل کڈھنے نیں
دھرتی دی دھون نیویں ہووے
تے اوہدے تے اسمان نہیں چُکاویدا
بابا! کوئی ِکیڑا کڈھ
ُکرنڈیا ہووے تاں مینوں لڑاویںبابا! دِھیاں ُپتر اکّو جہے کیوں نہیں ہوندے؟
جے دِھی وڈھی ہووے
تاں تُسیں ُٹک ُٹک کے ُپتر جیڈی کر لیندے او
لوگ داد دے دے کر ہلکان ہو رہے تھے مگر وہ داد و تحسین سے بے نیاز نظم پڑھے جا رہی تھی۔ دُبلی پتلی، بھولی بھالی، گندمی رنگت درمیانی قامت، تھکی تھکی اور بڑی بڑی آنکھیں، عامیانہ سے نقش و نگار، کھوئی کھوئی سی اور کم آمیز، جب کبھی بچوں کی طرح مسکراتی تو مسکراہٹ میں شرارت اور شرافت گھل مل جاتی۔ شور و غل میں کسی کی آواز سنائی دی ’’نسرین ذرا بھٹو شہید کا نوحہ ہو جائے‘‘ اس نے فرمائش کرنے والے کی طرف چونک کر دیکھا مگر خاموش رہی، میرے پہلو میں بیٹھے سجاد انور نے میرا ہاتھ زور سے دبایا ’’ارے یہ تو نسرین انجم بھٹی ہے‘‘ یہ کہہ کر اس نے بھٹو مرحوم کے نوحے کی چند سطریں والہانہ انداز میں پڑھیں:
میں مرزا ساگر سندھ دا مری راول جنج چڑھی
میں ُٹریا سُولی چُم کے مینوں ایہو رِیت بڑی
میں ِپیواں َبھر َبھر چُلیاں زہر تریہاں لڑی
چولے لتھے انصاف دے خلقت حیران کھڑی
میں اک پیڑھی دا سُورما تے ا ّٹھاں دا سردار
میں اُڈ اسمانیں چلیاں تے میرا نام اُڈار

اچھا تو یہ نسرین انجم بھٹی ہے، میں نے دل میں سوچا ’’تو کیا وہ سب باتیں جھوٹ تھیں کہ نسرین انگریزی لباس پہنتی ہے اور پاک ٹی ہائوس میں مردوں کے درمیان بیٹھ کر سموکنگ کرتی ہے، درختوںپر چڑھ کر پھل توڑتی ہے اور لاہور کے لوگ اسے ماہی منڈا کہتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔‘‘ پتہ نہیں میں نے اس کے بارے میں کیا کیا سن رکھا تھا مگر وہ تو ان سب باتوں سے مختلف نکلی۔ خیر مشاعرے کے اختتام پر اس سے ملاقات ہوئی تو اس نے میری شاعری کی بڑی تعریف کی اور بتایا کہ وہ ریڈیو پاکستان لاہور میں میوزک کی پر وڈیوسر ہے رُخصت ہوتے وقت اس نے مجھے ریڈیو پاکستان آنے اور اپنا کلام بھجوانے کی فرمائش بھی کی۔ چند روز بعد میں نے دو گیت اور دو غزلیں بذریعہ ڈاک اسے بھجوا دیں اور اس واقعے کو بھول گیا مگر نسرین اپنی کمٹمنٹ کو نہیں بھولی۔ اس واقعے کے چند ماہ بعد کی بات ہے میں اپنے چند دوستوں کے ہمراہ پاکستان اور ہندوستان کے مابین ہونے والے کرکٹ میچ کی کمنٹری (ریڈیو پر) سن رہا تھا، دونوں ٹیمیں کھانے کے لیے میدان سے باہر جا چکی تھیں اچانک ریڈیو سے انائونسمنٹ سنائی دی ’’آئیے نسیم اختر کی آواز میں جواز جعفری کا لکھا نغمہ سنتے ہیں‘‘ اس انائونسمنٹ نے ہم سب کو چونکا دیا، میں حیران تھا کہ ایک نئے شاعر کا نغمہ اور وہ بھی ریڈیو پر… نغمہ شروع ہو چکا تھا:
جگنو ، چاند ، ستارے
سارے رُوپ تمہارے
دوست مجھے یوں حیرت سے دیکھ رہے تھے جیسے میں ہی پاکستان کا قومی شاعر ہوں، مجھے بھی اپنے کانوں پر یقین نہیں آ رہا تھا اس واقعے کے بعد دوستوں اور ادبی حلقوں میں اچانک میری وقعت میں اضافہ ہو گیا یہ ریڈیو کے عروج کے دن تھے اور یہاں سے نشر ہونے والی شاعری جلد ہی لوگوں میں مقبول ہو جاتی تھی گیت سننے کے بعد میرے دل میں نسرین کا احترام دو چند ہو گیا۔

ایک سال بعد ایم اے اردو کرنے لاہور پہنچا تو میرے دل میں نسرین سے ملنے کی آرزو پورے شباب پر تھی اس زمانے میں ریڈیو پاکستان کی عمارت میں داخل ہونا کسی خواب سے کم نہ تھا، میں نے ریسپشن سے پاس لیا اور سی پی یو (سنٹرل پروڈکشن یونٹ) کے سامنے پہنچا وہ اپنے آفس کے باہر کئی سارے فن کاروں، صدا کاروں اور سازندوں کے درمیان گھری کھڑی تھی، مجھے دیکھتے ہی اس نے پہچان لیا گرم جوشی سے استقبال کیا اور اپنے آفس میں داخل ہوئی جہاں غزل کے بہت بڑے کمپوزر ماسٹر نذر حسین بیٹھے تھے نسرین نے مجھے ان سے ملوایا، اسی آفس میں انہوں نے میرا تعارف اُستاد تصدق علی خاں (استاد سلامت علی خاں کے بھائی) سے کرایا یہیں میری ملاقات نوجوان پرڈیوسر شہسوار حیدر سے ہوئی جو آنے والے دنوں میں گہری دوستی میں بدل گئی، اس ملاقات میں، میں نے اُستاد نذر حسین سے یونہی پوچھ لیا ’’آج کل کیا کر رہے ہیں؟‘‘ ماسٹر صاحب نے محتاط نظروں سے اِدھر اُدھر دیکھا اور بولے ’’یہاں کرنے کے لیے اب کچھ نہیں بچا، میں ان دنوں جِنگلز کر رہا ہوں‘‘ یاد رہے جنگلز وہ موسیقی ہے جو ہمیں کمرشلز کے پیچھے سنائی دیتی ہے۔ ان کی بات سن کر میں حیران رہ گیا کہ ریڈیو کے افسران نے اتنے عظیم موسیقار کو کس کام پر لگا رکھا ہے۔

موقعہ غنیمت جان کر اُستاد نذر حسین کے حوالے سے ایک اور واقعہ بھی سناتا چلوں، ہوا یوں کہ جن دنوں میرا غزلیہ مجموعہ ’’محبت خسارہ نہیں‘‘ شائع ہوا وہ ریڈیو پاکستان سے ریٹائر ہو کر اپنی نئی بیگم عارفہ صدیقی کے ساتھ رہ رہے تھے میں نے اپنے چند قریبی دوستوں کے علاوہ کتاب کا ایک اعزازی نسخہ انہیں بھی بھجوا دیا، کچھ ہی روز کے بعد مجھے ماسٹر صاحب کا فون آیا حال احوال پوچھنے کے بعد نہایت ُبجھے ہوئے لہجے میں بولے ’’آپ کی غزل بہت عمدہ ہے کئی دنوں سے سوچ رہا ہوں کہ انہیں کمپوز کروں پھر سوچتا ہوں کس کے لیے کمپوز کر وں؟ مہدی حسن اور نور جہاں دنیا سے رُخصت ہو گئے، غلام علی محض زندہ ہیں میری دھنیں کون گائے گا؟‘‘ ایک بار میرے ذہن میں آیا کہ آپ کی غزلیں ہری ہرن سے گوائوں مگر ملکی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے، افسوس میرا عہد گزر گیا مگر میں اب تک زندہ ہوں‘‘ اتنا کہہ کر وہ فون پر رونے لگے۔

یوں لگتا تھا جیسے بیسویں صدی میں عروج پانے والی غزل گائیکی کا مرثیہ پڑھ رہے ہوں۔ میں نے انہیں تسلی دی تو انہوں نے ایک نیا آئیڈیا پیش کیا، بولے ’’میرے ذہن میں ایک اور خیال بھی آتا ہے‘‘ میں نے پوچھا ’’کیسا خیال؟‘‘ بولے ’’میں ایسا کر سکتا ہوں کہ آپ کی غزلوں کی دُھنیں تخلیق کروں، پھر آپ کو اپنے گھر آنے کی دعوت دوں اور آپ کی غزلیں آپ کے سامنے بیٹھ کر خود گائوں‘‘ میں نے کہا کہ ’’یہ تو میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہوگا‘‘ فون بند کرنے سے پہلے میں نے ان کے درِ دولت پر حاضر ہونے کا وعدہ کیا مگر افسوس میرے پہنچنے سے پہلے ملک الموت پہنچ گیا۔

ریڈیو پر ہونے والی اس ملاقات میں بہت سے لوگوں سے ملاقات ہوئی رُخصت ہونے سے پہلے نسرین نے مجھے اپنے اسٹوڈیوز دکھائے اور مجھے لیے اکائونٹس آفس پہنچیں تین کنٹریکٹس پر میرے دستخط کرائے اور بولی ’’جب آپ دوبارہ آئیں گے تو چیک تیار ہوں گے‘‘ میں نے حیرت سے پوچھا ’’یہ کس سلسلے کے چیک ہیں؟‘‘ کہنے لگی ’’جو غزلیں اور گیت آپ نے بھجوائے تھے وہ سارے میں نے ریکارڈ کر لیے ہیں یہ چیکس اُنہی کا معاوضہ ہے‘‘ پھر اس نے سامنے پڑے چیکس میں سے ایک چیک اُٹھایا اور مجھے دکھاتے ہوئے بولی ’’ذرا اس چیک کو دیکھیں‘‘ میں نے چیک پکڑ کر دیکھا یہ لاہور کے ایک ادبی گروپ کے سربراہ کے نام ستّر(۷۰) روپے کا چیک تھا، بولی ’’آپ کو بھی اتنا ہی معاوضہ دیں گے‘‘ اس کے بعد اس نے مجھے وہ باغ دکھایا جس میں نور جہان، مہدی حسن، فریدہ خانم، اُستاد سلامت علی خان اور ملکہ موسیقی روشن آرا بیگم سمیت بڑے بڑے فن کاروں کے ناموں سے منسوب پیڑ مہک رہے تھے وہ اُستاد امانت علی خان سے منسوب پیڑ کی چھال کو نم آلود نظروں سے دیکھتی رہی کچھ دیر بعد وہ خواب کی دنیا سے باہر آئی اور کہنے لگی کہ ’’آئیے میں آپ کو شائستہ حبیب سے ملواتی ہوں، اس زمانے میں شائستہ کی نثری نظموں کے مجموعے ’’سورج پہ دستک‘‘ کی خاصی دھوم تھی وہ پی بی سی سے وابستہ پروڈیوسرز کے ایریا میں بیٹھتی تھی جب کہ نسرین سی پی یو میں۔

نسرین نے بتایا کہ کسی زمانے میں دونوں سہیلیاں ایک ہی کمرے میں بیٹھا کرتی تھیں، شائستہ حبیب سے میرا تعارف ہوا وہ بہت محبت سے ملیں چائے پلائی اور بہت سی باتیں کیں، نسرین اور شائستہ کی جوڑی مشہور تھی دونوں کی کارگاہ ایک، نظریات اور مشاغل بھی ایک جیسے تھے فرق صرف اتنا تھا کہ نسرین کا رنگ گندمی تھا جب کہ شائستہ حبیب گوری چٹی، دراز قامت اور خوب صورت کشمیرن تھیں۔ اتفاق دیکھیے کہ دونوں کو بیماری بھی ایک ہی لاحق تھی (یعنی کینسر) مستنصر حسین تارڑ نے دونوں کو ہنسوں کا جوڑا قرار دیا تھا جو شاعری کی جھیلوں پہ اپنے پنکھ پھیلائے تیرا کرتا تھا وہ دونوں غیر حقیقی جڑواں بہنیں تھیں جنہیں وابستگی کی ڈور نے آپس میں باندھ رکھا تھا، دونوں میں ایک فرق بھی تھا کہ نسرین دل سے فیصلے کرتی تھی اور شائستہ دماغ سے۔ یہی وجہ ہے کہ شائستہ حبیب نے فخر زمان سے شادی کی اور نسرین نے زبیر رانا سے۔ اگرچہ زبیر رانا نامور صحافی اور فخر زماں مشہور ناول نگار تھے مگر میں اب تک دونوں سے نہیں ملا تھا مگر آنے والے زمانوں میں ہماری محبت کے پیڑوں نے خوب پھل پھول اُٹھائے۔ میں نے اپنے خطوط کا مجموعہ ’’اک ہجر جو ہم کو لاحق ہے‘‘ فخر زماں کے نام معنون کیا اور زبیر رانا نے میرے پہلے شعری مجموعے ’’دہلیز پہ آنکھیں‘‘ کا دیباچہ لکھا اور خوب لکھا۔

نسرین میں ایک بات بہت عمدہ تھی کہ وہ اپنے دوستوں کو کبھی نہ بھولتی تھی وہ فہیم جوزی (نثری نظم کا نامور شاعر) کا ذکر ایسے کر رہی تھی جیسے وہ یہیں کہیں موجود ہو جب کہ انہیں یہاں سے گئے کئی سال ہو چکے تھے بعد کے دنوں میں بھی نسرین فہیم جوزی کا تذکرہ اسی وارفتگی سے کیا کرتی تھی دراصل فہیم جوزی ہی وہ شخص تھا جو ریڈیو پہ بائیں بازو کے لوگوں کو منظم اور متحرک رکھتا تھا، اس نے ریڈیو پر ’’ینگ پینل فرنٹ‘‘ بنایا اور اسی پلیٹ فارم سے نسرین، شائستہ، ستار سیّد، ناہید شاہد، خالد طور اور دیگر لوگ نہ صرف وابستہ تھے بل کہ ترقی پسند نظریات کا پرچار بھی کرتے تھے۔ ان کے مقابلے میں ضیا الحق کے حامیوں کا گروہ بھی موجود تھا یہ لوگ ترقی پسندوں کو ستانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے، ریڈیو پر نسرین اور شائستہ کے خلاف کچّے آم توڑنے کی جو انکوائری لائونچ ہوئی تھی اس کے پیچھے یہی گروہ تھا۔ ملاقات کے اختتام پر نسرین نے پوچھا ’’آپ کے پاس ’’نیل کرائیاں نیلکاں‘‘ ہے؟‘‘ میں نے کہا ’’نہیں‘‘ کہنے لگی ’’اچھا میں کہیں سے ڈھونڈ کر آپ کو دوں گی‘‘ نسرین کے برعکس شائستہ حبیب نے مجھے اپنی کتاب ’’سورج پہ دستک‘‘ کا تحفہ دیا جو آج بھی میری لائبریری میں موجود ہے مگر ’’نیل کرائیاں نیلکاں‘‘ مجھے آج تک کہیں دکھائی نہیں دی۔

میرے لاہور آنے کے بعد نسرین سے ملاقاتوں کا ایک ایسا سلسلہ شروع ہوا جو اس کی موت تک جاری رہا، وہ خواب گر شاعرہ تھی، سماجی تعصبات سے بلند اور ِصلے کی پرواء کیے بغیر ادب کی خدمت کرنے والی۔ رقص، پینٹنگز، موسیقی اور شاعری اس کے شوق تھے، موسیقی کے رموز سیکھنے کے لیے پہلے تو موسیقار سلیم اقبال کی شاگردی اختیار کی اور پھر پٹیالہ گھرانے کے اُستاد اختر علی خان کے سامنے زانوئے تلمذ طے کیا۔ ایک روز اس نے مجھے بتایا کہ وہ رقص کے بھائو تائو سیکھنے کے لیے وائی ایم سی اے میں باقاعدہ کلاسز لیتی رہی ہے مگر میں نے اسے رقص کرتے نہیں دیکھا شاید اس لیے کہ اس مملکتِ خداداد میں رقص انسانوں کے لیے حرام ہے البتہ گائے، اونٹ، گھوڑے اور بکروں کو اس سلسلے میں استثنا حاصل ہے، وہ ہمارے انتظار حسین کی طرح مادھوری ڈکشٹ کے حسن اور رقص کی مداح تھی، نسرین کو قریب سے دیکھنے والے جانتے ہیں کہ وہ ہر لحاظ سے ایک تہذیبی شخصیت تھی۔ اس نے ساری زندگی پسماندہ طبقوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، بظاہر اس کے مزاج میں صوفیانہ بے نیازی تھی اس کے باوجود اس نے نسوانی حقوق کی تحریک کے لیے بغاوت کے گیت لکھے، میں نے کبھی اسے تحریکِ نسواں کے زیرِِ اہتمام ہونے والے مظاہروں میں نہیں دیکھا بعض لوگ اس کی شخصیت کے برعکس اسے تحریکِ نسواں کی مرکزی لیڈر لکھتے رہے مگر اس نے گھر میں رہتے ہوئے صرف اپنی شاعری کے ذریعے عورتوں کی تحریک کی حمایت کی اور اس تحریک کی قیادت ہتھیانے کا کبھی خواب نہ دیکھا۔

نسرین بنیادی طور پر سماجی تبدیلی کی آرزو مند تھی اور اسی خواب کی تعبیر کے لیے وہ بائیں بازو کی فکر سے وابستہ تھی۔ چی گویرا، ہوچی من، لیلیٰ خالد، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو اس کے ہیروز تھے۔ نسرین کا تعلق اس نسل سے تھا جو دوسری عالمی جنگ کے بعد مارکسزم کی طرف مائل ہوئی کہ یہی سوچ جنگ سے تباہ حال دنیا کے زخموں کا مرہم بنی تھی، دُنیا بھر کے شاعر، ادیب، رقاص، موسیقار، مصور، مجسمہ ساز اور دانشور سبھی اس نئی دنیا کے خواب گر تھے، یہ سب امن، مساوات، جمہوریت اور محبت کے متلاشی تھے مگر افسوس انہی خوابوں کی راکھ سے بنیاد پرستی نے جنم لیا۔

نسرین کو بھٹو خاندان سے عشق تھا اس کے نظریات کی تشکیل میںبھٹو کی فکر کا بنیادی کردار تھا مگر یہ وابستگی صلے کے بغیر تھی، ادیبوں میں اس سے بڑھ کر بھٹو کی موت کا سوگ شاید ہی کسی نے منایا ہو، بھٹو کی موت پر بے شمار لوگوں نے مرثیے لکھے مگر جیسا بھٹو کا نوحہ اس نے لکھا ایسا نوحہ کوئی اور نہ لکھ سکا۔ شروع شروع میں تو وہ ملازمتی مجبوریوں کے باعث اس نوحے کی شاعر ہونے کا اقرار نہ کرتی تھی مگر ضیا الحق کا مارشل لاء ختم ہونے اور بے نظیر بھٹو کی حکومت بننے کے بعد اس نے اس بے نام نوحے کو اپنا نام دیا، کئی برسوں تک وہ بھٹو مرحوم کا نوحہ سناتے ہوئے خود بھی روتی اور دوسروں کو بھی رلاتی رہی، بھٹو کی پھانسی کے بعد اس نے جدوجہد کے منصوبے بنائے، بھوک ہڑتالوں کا سوچا، مزاحمتی گیت لکھے اور ستار سیّد جیسے دوستوںکی مدد سے چھپ چھپ کر انہیں ریکارڈ کیا اور بیگم نصرت بھٹو کو بھجوایا، پھانسیوں، کوڑوں اور خود سوزیوں کے موسم میں اس نے اپنے کام جاری رکھے۔

بھٹو مرحوم کے نوحے اور مزاحمتی سرگرمیوں نے اسے پسماندہ طبقوں کے دلوں کی دھڑکن بنا دیا، ستر(70) کی دہائی میں وہ نثری نظم لکھنے والی اہم ترین شاعرات میں سے ایک تھی وہ 26 جنوری 1943ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئی، ابتدائی تعلیم سندھ سکول سے حاصل کی، سکھر کالج سے ایک سکالر شپ (بی این آر) کے لیے منتخب ہو کر شاہ حسین کے لاہور میں پہنچی اور پھر اسی شہر کی ہو گئی، یہیں اس نے این سی اے اور اوریئنٹل کالج سے ڈگریاں لیں اور ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہو گئی یہاں منیر نیازی اور اُستاد امانت علی خان اس کے آفس میں آنے والے نمایاں ترین مہمانوں میں شمار ہوتے تھے، نرگسیت پسند منیر نیازی تو جلد ہی نئے نئے چہروں کی طرف متوجہ ہو گئے مگر اُستاد امانت علی خان اپنی موت تک اس تعلق کو نبھاتے رہے ان کے مرنے پر نسرین خوب روئی ان کی یاد میں ایک کتاب بھی مرتب کی پھر آنسو پونچھ کر دُنیا کے دَھندوں میں کھو گئی، اب اس کے آفس میں آنے والوں میں ایک نیا مہمان زبیر رانا بھی شامل تھا۔

جڑانوالہ کے گائوں سے تعلق رکھنے والا زبیر رانا پہلے کامریڈ بنا پھر یونینسٹ اور آخری میں صحافی بن کر سامنے آیا، باپ کے مرنے کے بعد چار بہن بھائیوں کے اچانک باپ بن جانے والے زبیر رانا کو اس کی ماں جیری کہہ کر بلاتی تھی، سفید چمڑی، سنہرے بالوں اور موٹے شیشوں والی عینک لگانے والا زبیر رانا نسرین سے ملنے سے پہلے تین بچوں کا باپ تھا اور بقول قاضی جاوید وہ اس کے محلے میں اپنے سسرال کے ہاں رہائش پذیر تھا ڈاکٹر عزیز الحق کا چیلہ ہونے کے باعث اسے دانشور بننے کا خبط اور مسلسل بولتے چلے جانے کا مرض لاحق تھا، گیت گانے اور دھمال ڈالنے کے ساتھ ساتھ وہ لینن، مارکس اور موذے ُتنگ کے عشق میں مبتلا تھا وہ فہیم جوزی کے وسیلے سے نسرین کی بارگاہ تک پہنچا اور اسے دیکھتے ہی اپنے یک طرفہ عشق کا اعلان کر دیا مگر نسرین نے عشق اور شادی کی پیشکش کو ٹھکرا دیا اور اپنے تخلیقی کاموں میں مصروف رہی مگر صورت حال یہ تھی کہ سارا دن نسرین ریڈیو کے اندر ہوتی اور وہ ریڈیو کی دیوار سے باہر کھڑا آنے جانے والوں کی منّتیں کیا کرتا کہ وہ نسرین سے اس کی شادی کرا دیں، وہ پہلے تو ایک شادی شدہ شخص سے شادی کرنے سے انکار کرتی رہی لیکن جب زبیر رانا کی دیوانگی اور جگ ہنسائی بڑھتی چلی گئی تو اس نے ہتھیار ڈال دیے مگر درمیان میں ابھی ایک اور دیوار حائل تھی اور وہ تھی آسمان تک پھیلی مذاہب کی دیوار۔

نسرین عقیدے کے اعتبار سے مسیحی تھی جب کہ ملحد زبیر رانا بظاہر مسلمان تھا، سبھی سوچ رہے تھے کہ نسرین نکاح کے لیے زبیر رانا کے سامنے پہلی بیوی کو طلاق دینے کی شرط رکھے گی مگر انسان دوست نسرین نے ایک کمزور عورت سے اس کی چھت چھیننے کی بجائے مذہب تبدیل کرنے کی شرط عائد کر دی، عشق کے ہاتھوں ریزہ ریزہ ہوتے ہوئے زبیر رانا نے فوراً سر تسلیم خم کر دیا یہاں سے ہمارے دوست شاعر کنول فیروز کا کردار شروع ہوا وہ زبیر رانا کو پاک ٹی ہائوس سے ملحقہ چرچ میں لے گئے اور اپنی نگرانی میں نو آراستہ دولہا کو بپتسمہ دلایا یوں زبیر رانا نے عیسائیت اور نسرین نے زبیر رانا کو قبول کر لیا۔ ایک بار میں نے نسرین سے اس حوالے سے سوال کیا تو وہ شرارت سے مسکرائی اور بولی ’’ہم دونوں کا روایتی مذہب سے کوئی لینا دینا نہ تھا‘‘ تو پھر وہ شرط؟ میں نے حیرانی سے پوچھا ’’میں صرف اس کی محبت کی گہرائی ناپنا چاہتی تھی میں دیکھنا چاہتی تھی کہ وہ میرے لیے کیا کچھ تیاگ سکتا ہے۔‘‘

1989ء میں میں نے روزنامہ ’’مساوات‘‘ سے وابستہ ہونے کی خواہش کی تو نسرین میری اس خواہش کی تکمیل کے لیے فوراً متحرک ہو گئی اس نے زبیر رانا سے کہا ’’جواز جعفری ’’مساوات‘‘ جوائن کرنا چاہتا ہے اور ہم نے یہ کام ہر صورت میں کروانا ہے‘‘ سہ پہر کا وقت تھا ہم نسرین کے گھر میں موجود تھے اس کی بات سنتے ہی زبیر رانا فوراً اُٹھ کھڑا ہوا اور مجھ سے مخاطب ہو کر بولا ’’چلو آئو میرے ساتھ‘‘ ہم پیدل چلتے ہوئے منٹگمری روڈ پر واقع ’’مساوات‘‘ کے دفتر پہنچے یہ ’’مساوات‘‘ کے عروج کا زمانہ تھا، ضیا ساجد، ظہیربابر، منو بھائی، محسن نقوی، بابا رفیق اور ظہیر کاشمیری جیسے نامور لوگ اس اخبار سے وابستہ تھے جب کہ ’’دھنک‘‘ فیم سرور سکھیرا اس کا ایڈیٹر تھا، زبیر رانا مجھے لیے سیدھا ایڈیٹر کے کمرے میں پہنچا چند منٹ میں میرے آرڈرز تیار ہو گئے، مجھے بیٹھنے کے لیے ترقی پسند شاعر ظہیر کاشمیری کے کمرے میں جگہ دی گئی میرا کام پیپلز پارٹی کی قیادت کے انٹرویوز شائع کرنا تھا، میں نے پہلا انٹرویو پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل شیخ رفیق کا کیا جسے بڑے طمطراق سے شائع کیا گیا۔

چند ماہ بعد میں نے روزنامہ ’’مساوات‘‘ چھوڑ دیا اور روزنامہ ’’جنگ‘‘ سے وابستہ ہو گیا یہاں زبیر رانا پہلے سے موجود تھا نوجوان صحافی اس کے گرویدہ تھے اور اس کے سیاسی تجزیوں کی صحافتی حلقوں میں دھوم تھی۔ ان دنوں سجاد انور بھی نسرین کی مہربانی سے جنگ سے وابستہ ہو چکا تھا زبیر رانا نے بہت سے دوسرے نوجوانوں کی طرح ہماری تربیت میں بھی حصہ لیا، ہمیں اچھی کتابوں سے آشنا کرایا اور ہماری نظریاتی سمت درست کی۔ زبیر رانا ان دنوں خاصا خوش مزاج ہوا کرتا تھا چلتے پھرتے مسلسل بولتا رہتا اور کبھی کبھی خواجہ سرائوں کی طرح کمر بھی لچکانے لگتا ایسے میں میرے ذہن میں اکثر یہ سوال سر اُٹھاتا کہ نسرین کو اس میں کیا مردانگی نظر آئی تھی؟ سخت گرمی کے موسم میں زبیر رانا مجھے ساتھ لے کر ایبٹ روڈ کی طرف نکل جاتا، کبھی کسی سینما میں گھس جاتا اور کبھی کسی ہوٹل میں، ایک بار چلتے چلتے مجھے ایک بلڈنگ دکھانے لے گیا وہاں پہنچ کر اس نے ایک پورشن کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد ساحر لدھیانوی اپنی والدہ اور نانی کے ہمراہ یہاں ٹھہرا تھا، اس عمارت کے نچلے حصے میں کمیونسٹ پارٹی کا دفتر ہوا کرتا تھا میں نے اس کمرے کو حیرت سے دیکھا جو ایک سٹور سے زیادہ کچھ نہ تھا، ایک شام زبیر رانا میکلوڈ روڈ کے ایک سینما سے ملحقہ موسیقی کی ایک بیٹھک میں پہنچا یہاں کچھ لوگ گانے بجانے میں مصروف تھے مجھے بتایا گیا کہ یہ استاد پرویز پارس ہیں اور نوجوان گلوکار کا تعارف فہیم مظہر کے نام سے کرایا گیا آج تیس سال بعد کلاسیکی موسیقی کے ان دونوں بڑے ناموں کا شمار میرے بہترین دوستوں میں ہوتا ہے۔

نسرین کو جب میں نے پہلی بار دیکھا اس کی عمر چالیس سال سے زیادہ تھی مگر جوانی کے دنوںمیں بھی اس کا طرزِ عمل بڑی بوڑھیوں جیسا تھا، دوستوں کے حلقے میں بیٹھی خود کلامی کرتی رہتی، کبھی کبھی یوں لگتا جیسے وہ اپنے مخاطب کی بجائے کسی غیر موجود شخص سے باتیں کر رہی ہے، کبھی کبھی گفتگو کرتے کرتے اپنی گفتگو میں سے غائب ہو جاتی، پہلی ملاقات سے لے کر آخری ملاقات تک وہ قدرتی چشمے کے پانی کی طرح شفاف عورت تھی، اس ایک عورت میں کئی عورتیں (ایک ہی وقت میں) جی رہی تھیں مگر میں نے کبھی اسے باجی یا آپا کہہ کر مخاطب نہ کیا وہ بھی ہمیشہ مجھے میرے نام سے پکارتی، اکثر مجھ سے اپنے ذاتی مسائل بیان کیا کرتی، بنیادی طور پر وہ ایک تنہا عورت تھی، اس نے ایسے شخص سے شادی کی جو دو عورتوں کے مابین منقسم تھا ایک بٹا ہوا انسان، جو اسے ماں بھی نہ بنا پایا، اس سادہ اور قناعت پسند عورت کو ایک گھر بھی نہ دے سکا، وہ اسے کہاںسے گھر دیتا وہ تو خود سسرال میں رہتا تھا، اس نے زندگی کرائے کے مکانوں میں بسر کر دی، مارکسٹ ہونے کے ناطے وہ ذاتی ملکیت کے قائل نہ تھے ایک لمحے کے لیے وہ گھر بنانا چاہتے بھی تو ان کے محدود وسائل انہیں اس عیاشی کی اجازت نہ دیتے، حبیب اللہ روڈ پر واقع اس کرائے کے گھر میں میرا کئی بار جانا ہوا وہ گھر نسرین کی بکھری ہوئی شخصیت کا عکس تھا یہ ایک تاریخی گھر تھا جسے ستار سید ’’دارالمزاحمت‘‘ کہا کرتا تھا وہ گھر جس میں بیسویں صدی کی ایک بڑی شاعرہ نے زندگی بسر کی۔

اسی گھر میں وہ گیت، نظمیں، اور نوحے لکھے گئے جو ایم آر ڈی کی تحریک کا پیش خیمہ ثابت ہوئے، جہاں جمع ہونے والے ذہنوں نے ’’خوشبو کی شہادت‘‘ اور ’’جوئے خوں‘‘ جیسے مزاحمتی و تخلیقی منصوبوں کے ابتدائی خاکے تیار کیے۔

نسرین کے دوست احباب جانتے ہیں کہ اس کے اندر نتہائی اور محرومی کا گہرا خلا موجود تھا اس محرومی کا تعلق مادی اشیاء سے نہیں بل کہ اولاد سے تھا زبیر رانا جب اسے اولاد نہ دے سکا تو وہ زبیر رانا کے بچوں کی ماں بن گئی مگر سوتیلے بچے اس قسم کی محبت کے لیے تیار نہ تھے چنانچہ نسرین کو اپنے اندر کی تنہائی کو بھرنے کے لیے تفضیل زیدی کا بچہ گود لینا پڑا۔ تفضیل ریڈیو ہی کا ملازم تھا اس بچے سے نسرین کو بے حد محبت تھی مگر اس کا باپ بچے اور ماں کے مابین ہمیشہ سیاست کیا کرتا اور ہر لمحہ نسرین کے دل کو زخمی کرتا رہتا۔ بچہ نسرین کے حوالے کرنے کے باوجود وہ اس کی اونرشپ سے کبھی دستبردار نہ ہوتا، وہ کئی کئی روز بچے کو ماں سے دور رکھتا وہ بیٹے کی یاد میں بیٹھی تڑپتی رہتی مگر تفضیل اکثر رقیبانہ کردار ادا کیا کرتا مجھے نوکری ملی تو میں چار پانچ سال تک جہلم چلا گیا واپسی پر میں نے نسرین اور بچے کو ایک ساتھ کبھی نہ دیکھا۔

ریڈیو کے کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ تفضیل زیدی کی نظر نسرین کی گریجویٹی پر تھی۔ جن دنوں میں جنگ پبلشرز سے وابستہ تھا نسرین کی کتاب ’’بَن باس‘‘ میری ہی نگرانی میں شائع ہو رہی تھی اور میرے لیے یہ بڑی خوشی اور اعزاز کی بات تھی، وہ کتاب کے سلسلے میں اکثر میرے دفتر آیا کرتی، ایک روز ایک اُلٹے سیدھے ٹائٹل سمیت آئی، جنگ بڑی نفیس اور دیدہ زیب کتابیں شائع کرتا تھا، معلوم ہوا ٹائٹل اس کے چھوٹے سے بیٹے نے بنایا ہے میں نے نسرین کو لاکھ سمجھانے کی کوشش کی اور کہا کہ ادارہ موجدؔ یا مرشدؔ جیسے نامور مصوروں سے ٹائٹل بنوا لے گا مگر وہ بضد رہی اور اس کے اندر کی ماں نے میری ایک نہ سنی، میرے جہلم چلے جانے کے بعد یہ کتاب جنگ پبلشرز کی بجائے نئے ٹائٹل کے ساتھ کسی اور ادارے سے شائع ہوئی۔

بے نظیر بھٹو کے دوسرے دورِ حکومت کے دوران ہونے والی اہل قلم کانفرنس کا پہلا دن تھا ہم سب اسلام آباد کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے رات کے پچھے پہر دروازے پر دستک ہوئی میں نے نیند کے عالم میں دروازہ کھولا تو سامنے نسرین کھڑی تھی، چہرے سے پریشانی جھلک رہی تھی میں نے پوچھا ’’خیر تو ہے‘‘ بولی ’’خاموشی سے میرے ساتھ آئو‘‘ ہوٹل کے صحن میں پہنچ کر بولی ’’زبیر رانا غائب ہے اور کسی نے بتایا ہے کہ ہوٹل سے تھوڑی دور ممنوعہ چشموں کا پانی پی کر فٹ پاتھ پر بے ہوش پڑا ہے‘‘ کافی تگ و دَو کے بعد وہ ہمیںفٹ پاتھ پر پڑا مل گیا ہم نے اسے اُٹھایا اور ایک ٹیکسی میں ڈال کر ہوٹل لے آئے جب میں کمرے سے نکل رہا تھا تو اس کے چہرے پہ ممنونیت کی جھلک تھی مجھے رُخصت کرتے ہوئے بولی ’’جواز! آج کل جوان بیٹی کی دیکھ بھال آسان ہے مگر شرابی شوہر کو سنبھالنا بہت مشکل ہے‘‘ میں نے چونک کر اس کی طرف دیکھا اس لمحے وہ مجھے نسرین کی بجائے راجندر سنگھ بیدی کا کوئی بھولا بھٹکا کردار لگ رہی تھی۔ اگلے روز تمام ادیبوں شاعروں نے صدر پاکستان فاروق لغاری کی دعوت پر ایوانِ صدر جانا تھا، ایوانِ صدر کے دروازے سے داخل ہوئے تو مرکزی دروازے کے دونوں جانب چوب دار مجسّموں کی طرح بے ِحس و حرکت کھڑے تھے

نسرین میرے قریب آئی اور پنجابی زبان میں پوچھا ’’کیا یہ انسان پتھر کے ہیں؟ میں نے اسے حیران و پریشان دیکھ کر کہا ’’نہیں یہ گوشت پوست کے زندہ انسان ہیں‘‘ گلوگیر آواز میں بولی ’’بادشاہ تو کب کے جا چکے کیا ان کی باقیات جمہوری دور میں بھی باقی ہیں؟ نسرین کو میری بات پر شاید یقین نہیں آ رہا تھا وہ اپنی پتلی سی اُنگلی چوب دار کی آنکھ کے قریب لے گئی تو اس مداخلت پر ساکت کھڑے انسانی وجود میں حرکت پیدا ہوئی۔ چوب دار نے آنکھ جھپکی تو نسرین نے جلدی سے اُنگلی پیچھے ہٹا لی اور بولی ’’تم ٹھیک کہتے ہو یہ تو واقعی زندہ ہے‘‘ پھر میری طرف دیکھ کر بولی یہ تو انسانیت کی توہین ہے اور وہ بھی ایک ایسی حکومت کے دور میں جس کے لیے ہم نے جانوں کی پرواء کیے بغیر جدوجہد کی، اس کا مطلب ہے عوام اور جمہوریت کچھ بھی نہیں ہے ہم تو آج بھی بادشاہوں کے غلام ہیں‘‘ یہ کہہ کر وہ دیوار سے لگ کر رونے لگے۔

میں جہلم سے ٹرانسفر ہو کر لاہور آ چکا تھا ایک روز مجھے کسی دوست نے بتایا کہ نسرین کو شاکرعلی میوزیم کا ریذیڈنٹ ڈائریکٹر لگا دیا گیا ہے خبر سن کر مجھے عجیب سی خوشی ہوئی کہ اس سے کم تر درجے کی شاعرات پیپلز پارٹی سے وابستگی کا صلہ پا چکی تھیں سہ پہر کا وقت تھا جب میں مبارک باد دینے شاکر علی میوزیم پہنچا اس کے اردگرد تین چار واک کی شوقین خواتین بیٹھی تھیں جب کہ وہ خود اپنی کرسی پر بیٹھی جوگرز پہن رہی تھی اس نے میرے سلام کا سرسری سا جواب دیا اور جوگرز کے تسمے بند کرنے میں مصروف رہی میں نے اس کے سراپا پر نظر ڈالی قیمتی لباس کے ساتھ اس نے ایک نئے سٹائل سے بال بنانے کے علاوہ نہایت بے ڈھنگے انداز سے میک اپ بھی کر رکھا تھا جانے کیوں یہ مصنوعی پہناوا اس کی فطری شخصیت سے میل نہ کھا رہا تھا، میں نے کہا ’’افسری مبارک ہو‘‘ بولی ’’ریڈیو کی نوکری تو بس ایویں سی تھی یہاں آ کر پتہ چلا کہ نوکری کسے کہتے ہیں‘‘ پھر وہ جانے کے لیے کھڑی ہو گئی اور کہنے لگی ’’آپ غلط وقت پر آئے ہیں یہ میری واک کا وقت ہے‘‘ یہ کہہ کر وہ اپنی سہیلیوں کے ہمراہ کمرے سے باہر نکل گئی میں اس اجنبی سلوک پر حیران رہ گیا۔ ساری زندگی اس نے جس کلاس کی مخالفت کی تھی آج اسی کلاس میں شامل ہونے کی ناکام کوشش کر رہی تھی۔

میرے خطوط کا مجموعہ ’’اک ہجر جو ہم کو لاحق ہے‘‘ شائع ہوا تو اس میں نسرین کی بہت سی نظمیں شامل تھیں اس کتاب کے پے در پے کئی ایڈیشن شائع ہوئے آج سے تیس سال پہلے شائع ہونے والی یہ کتاب نئی نسل میں بہت مقبول تھی، کتاب کی اشاعت کے بعد نسرین سے ملاقات ہوئی تو وہ بہت خوش تھی اس کا کہنا تھا کہ اس کتاب نے اس کی شاعری کو نئی نسل میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جب کہ زبیر رانا کا خیال تھا کہ کتاب نسرین کی نظموں کی وجہ سے ہاتھوں ہاتھ بک رہی ہے اور جواز جعفری دونوں ہاتھوں سے رائلٹی وصول کر رہا ہے۔ میں نے نسرین سے گلہ کیا تو وہ بولی ’’میں تمہیں اور تمہارے دل کو بہت اچھی طرح جانتی ہوں زبیر رانا کی باتوں پر دھیان مت دو‘‘ مرنے سے کچھ عرصہ پہلے ہم ایک ادبی تقریب کے سلسلے میں ادبی بیٹھک میں موجود تھے مجھے شاہد محمود ندیم کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھے دیکھ کر زبیر رانا اچانک پھٹ پڑا ’’تمہاری شہرت کی بنیاد میری بیوی کی نظموں پر کھڑی ہے‘‘ وہ پتہ نہیں کیا کیا کہتا رہا، ایک اور ادیب سے اُلجھ پڑا اور بولا ’’میں جانتا ہوں تم نسرین سے شادی کرنا چاہتے تھے‘‘ نسرین بے چاری اس کے منہ پر ہاتھ رکھ رہی تھی، میری طرف دیکھ کر بے بسی سے بولی ’’تم تو جانتے ہو کہ یہ نشے میں ہے، تم مجھے معاف کر دو‘‘ تقریب میں موجود تمام لوگ اس تماشے کو حیرت سے دیکھ رہے تھے۔ نسرین بڑی مشکل سے اسے کھینچتی ہوئی ادبی بیٹھک سے باہر لے گئی۔ خوابوں کی شکست و ریخت نے زبیر رانا کو نفسیاتی مریض بنا دیا تھا۔

ایک روز میں مشاعرے میں شریک ہونے کے لیے ریڈیو اسٹیشن پہنچا تو نسرین بھی وہاں موجود تھی پتہ چلا کہ ریڈیو نے اس کی بیماری (کینسر) اور تنگ دستی کو دیکھتے ہوئے اسے کنٹریکٹ پر دوبارہ رکھ لیا ہے وہ موسیقی کے ایک بڑے اُستاد، غلام حیدر خان کے ساتھ مل کر کلاسیکی موسیقی پر مبنی پروگرام ’’سربہار‘‘ تیار کیا کرتی تھیں۔ مجھ سے ملتے ہی پوچھا کہ ’’تمہارے پاس ملکہ موسیقی روشن آرا بیگم کے حوالے سے مواد ہے؟‘‘ میں نے کہا ’’میری لائبریری میں روشن آرا بیگم کے فن و شخصیت پر ایک ایسی کتاب موجود ہے جس کے مصنف ان کے شوہر چودھری احمد خان ہیں۔ میری بات سن کر خوش ہو گئی پھر بولی ’’وہ کتاب مجھے کیسے ملے گی؟‘‘ میں نے کہا ’’اس کے لیے میری ایک شرط ہے کہ آپ میرے ڈیپارٹمنٹ آئو‘‘ بولی ’’منظور ہے، کل میں تمہارے آفس آئوں گی اور آنے سے پہلے فون کروں گی‘‘ اگلی صبح اس نے مجھے اپنے آنے کی اطلاع دی اور گیارہ بجے کے قریب پہنچ گئی میں اس کے آفس درجنوں بار جا چکا تھا مگر وہ میرے آفس پہلی بار آئی تھی، میں نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے باہر اس کا استقبال کیا، ملتے ہی پوچھا ’’کتاب لائے ہو نا؟‘‘ میں نے نائب قاصد کو بلا کر کہا کہ وہ کتاب کی فوٹو کاپی کرا لائے، جتنی دیر میں ہم نے چائے پی اور گپ شپ کی کتاب بھی کاپی ہو کر آ گئی، اس نے فوٹو کاپی کا بِل ادا کرنا چاہا تو میں نے کہا ’’مجھ سے میری خوشی تو نہ چھینو‘‘ اس نے خاموشی سے پیسے واپس رکھ لیے یہی میری اس سے آخری ملاقات تھی۔

عام طور پر نسرین کو بروکن امیجز کی شاعرہ قرار دیا جاتا ہے اس نے سارا شگفتہ، تنویر انجم اور فہمیدہ ریاض کی طرح ٹکڑے ٹکڑے عورت کو مکمل کرنے کا خواب دیکھا وہ نثری نظم کے ساتھ اس وقت سامنے آئی جب نظم کا انکار کیا جا رہا تھا اور نثری نظم لکھنے والوں کا تمسخر اُڑایا جا رہا تھا، اس کا کمال یہ تھا کہ وہ شاعری کی رسمی بوطیقا کے مقابل نئی شعری بوطیقا متعارف کرا رہی تھی۔

بقول انیس ناگی نسرین نے نظم کو بھرپور اور وسیع تر اظہار کے لیے استعمال کیا اس کی نظم کسی روایتی شعری ڈسپلن کی پابند نہیں، یہ نظم اندرونی شعری بہائو کے سہارے آگے بڑھتی ہے، یہ نظم بے زبان عورت کی ترجمانی کے لیے وقف ہے۔

نسرین مزاحمتی ادب میں ایک اہم مقام رکھتی ہے اس نے اپنی شاعری میں سماجی، سیاسی اور طبقاتی زندگی کے حوالے سے اہم سوالات اُٹھائے ایک باشعور فن کارہ کی حیثیت سے سماجی منافقت اور استحصال کو بے نقاب کیا اس نے اپنی نظم کے ذریعے نشاندہی کی کہ کس طرح پدری معاشرہ صنفی امتیازات اور تعصبات کے لیے راستے ہموار کرتا ہے۔ جنوری 2014ء آتے آتے اس کی نظم اسے زندہ رہنے والے شاعروں کی اگلی صف میں جگہ دلانے کے لیے پوری طرح تیار تھی جب کہ کینسر جیسی موذی بیماری اسے پاتال میں اُتارنے کے لیے کوشاں تھی۔ بیماری کا مقابلہ کرتے کرتے تھک گئی تو اس نے اپنے خوابوں کا شہر لاہور چھوڑ دیا تاکہ کراچی کے ایک مسیحی قبرستان میں آسودۂ خاک ماں کے برابر دفن ہو سکے، افسوس اسے لاہور میں اپنے محبوب شوہر کے پہلو میں دفن ہونے کے لیے دو گز زمین بھی میسر نہ آ سکی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button