latest newsPakistan

ورلڈ بینک کی سندھ میں بلدیاتی سہولیات کی بہتری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی منظوری

کراچی: ورلڈ بینک نے سندھ میں بلدیاتی سہولیات بہتر بنانے اور پراپرٹی ٹیکس وصولی کا نظام مؤثر بنانے کے لیے 15 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی۔

ورلڈ بینک کے اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت کراچی میں سالانہ پراپرٹی ٹیکس وصولی 85 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹیکس ادائیگی کی شرح 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کی جائے گی۔

پروگرام سے کراچی کی 25 بلدیاتی کونسلز کے 35 لاکھ 80 ہزار شہری مستفید ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے پراپرٹی ٹیکس وصولی کا جدید ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کا 70 فیصد بلدیاتی سہولیات پر خرچ کیا جائے گا، جس میں نکاسی آب، سیوریج، اسکولوں، سڑکوں، فائر اسٹیشنز اور اسٹریٹ لائٹس کی بہتری شامل ہے۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ سندھ کی بلدیاتی کونسلز کی 95 فیصد سے زائد آمدن صوبائی حکومت سے ملنے والی مالی منتقلیوں پر منحصر ہے۔

پروگرام کے تحت سندھ کے دیگر شہروں کی 20 بلدیاتی کونسلز میں پراپرٹی سروے بھی کیا جائے گا، جس سے شہری علاقوں کے 45 لاکھ افراد بالواسطہ مستفید ہوں گے۔ دیگر شہری مراکز میں پراپرٹی ٹیکس کے نظام کی بہتری کے لیے 4 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

بلدیاتی کونسلز کو فنڈز سالانہ کارکردگی کی جانچ کے بعد فراہم کیے جائیں گے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بلدیاتی انفراسٹرکچر کی بحالی بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button