ذاتی تحفظ کے عالمی انڈیکس میں متحدہ عرب امارات اور سنگاپور پہلے نمبر پر، پاکستان 53 فیصد کے ساتھ پیچھے

گیلپ کی گلوبل سیفٹی رپورٹ 2026 کے مطابق ذاتی تحفظ کے احساس کے اعتبار سے متحدہ عرب امارات اور سنگاپور 96 فیصد شرح کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ پاکستان میں صرف 53 فیصد افراد نے رات کے وقت اپنے علاقے میں تنہا پیدل چلنے کو محفوظ قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 96 فیصد شہریوں اور رہائشیوں نے رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ سمجھا۔ اماراتی شہریوں میں یہ شرح 98 فیصد جبکہ غیر ملکی رہائشیوں میں 96 فیصد رہی۔ مردوں اور خواتین دونوں میں تحفظ کا احساس بھی 96 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
گیلپ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 2020ء کے بعد پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ 2024ء کے مقابلے میں اس کی شرح میں 6 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جو عوامی تحفظ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ میں سعودی عرب 95 فیصد شرح کے ساتھ تیسرے، تاجکستان اور کویت 93 فیصد کے ساتھ چوتھے جبکہ بحرین 92 فیصد کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔ ہانگ کانگ، ایل سلواڈور، سوئٹزرلینڈ اور ناروے بھی 90 فیصد شرح کے ساتھ محفوظ ترین ممالک میں شامل ہیں۔ خلیج تعاون کونسل کے چار ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور بحرین پہلے دس ممالک میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 53 فیصد افراد نے رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ قرار دیا، جبکہ بھارت میں یہ شرح 71 فیصد رہی۔ اس طرح دونوں ممالک کے درمیان 18 فیصد پوائنٹس کا فرق ریکارڈ کیا گیا۔
گیلپ کے قانون اور امن و امان کے انڈیکس میں متحدہ عرب امارات نے 100 میں سے 95 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ عالمی اوسط 80 پوائنٹس رہی۔ اس انڈیکس میں پولیس پر شہریوں کا اعتماد، ذاتی تحفظ اور گزشتہ ایک سال کے دوران چوری، ڈکیتی یا جسمانی تشدد کا سامنا کرنے جیسے عوامل شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2025ء میں دنیا بھر کے 69 فیصد افراد نے رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ قرار دیا، جبکہ 2024ء میں یہ شرح 73 فیصد تھی۔ یوں عالمی سطح پر تحفظ کے احساس میں 4 فیصد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
گیلپ گلوبل سیفٹی رپورٹ 2026ء کے نتائج 140 ممالک اور علاقوں میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کے ایک لاکھ 43 ہزار 620 افراد سے 2025ء کے دوران کیے گئے سروے پر مبنی ہیں۔ سروے میں بنیادی طور پر یہ سوال کیا گیا کہ آیا افراد اپنے رہائشی علاقے میں رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ سمجھتے ہیں یا نہیں۔
گیلپ کے مطابق سروے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ قومی خوشحالی، جرائم کی شرح اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد، ذاتی تحفظ کے احساس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



