latest newsPakistan

پنجاب میں 10 لاکھ نوجوانوں کی اسکل ڈیولپمنٹ کا ہدف، پہلا ماڈرن وڈ ورکنگ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور(عمران اسلم)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبے میں پہلا ماڈرن وڈ ورکنگ سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے اور آئندہ 3 سال میں مجموعی طور پر 10 لاکھ نوجوانوں کو فنی مہارتیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکنیکل ٹریننگ کے امتحانات کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل، ڈیجیٹل امتحانی پرچوں اور کیو آر کوڈ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ ڈیجیٹل ایگزامینیشن سسٹم کے ذریعے امتحانات دینے والے امیدواروں کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ تک کی جا سکے گی۔

اجلاس میں ایگریکلچر اور ہیوی مشینری آپریٹر سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ الیکٹریکل، وہیکل اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبوں میں سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ سی ایم لینگویج لرننگ پروگرام کے تحت 13 زبانوں کے کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب میں اب تک 4 لاکھ نوجوانوں کی اسکل ٹریننگ مکمل ہوچکی ہے، جن میں سے 45 فیصد سے زائد برسرِ روزگار ہوچکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تربیت حاصل کرنے والے 38 ہزار سے زائد نوجوانوں نے بیرونِ ملک ملازمتیں حاصل کیں جبکہ متعدد نوجوانوں نے ملازمت کے بجائے تعلیم جاری رکھنے کو ترجیح دی۔

بریفنگ کے مطابق پنجاب کے ایک تربیت یافتہ الیکٹریشن نے ورلڈ اسکلز شنگھائی مقابلوں میں چوتھی پوزیشن بھی حاصل کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button