سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی میں بھگدڑ، 2 افراد جاں بحق، 18 زخمی

سیالکوٹ(ہم شہری) معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران فراز گراؤنڈ میں بھگدڑ مچنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق تقریب میں انعامی قرعہ اندازی کے اعلان پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جس کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا۔
پولیس نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو سمیت 9 نامزد اور 40 سے 45 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ موترہ میں اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمے میں تقریب کے منتظمین پر حفاظتی ایس او پیز اور اجازت نامے کی شرائط کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد موقع پر پہنچ گئے اور ان کی نگرانی میں پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ڈی پی او نے ڈی ایس پیز، ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے زخمیوں کی ہسپتال منتقلی اور ایمبولینسوں کی آمدورفت کے لیے راستے کلیئر کروائے۔ پولیس کے مطابق بروقت کارروائی سے صورتحال پر قابو پالیا گیا اور ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی۔
ڈی پی او دوست محمد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور حفاظتی انتظامات میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔



