latest newsPakistan
نیب نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات شروع کردیں

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات 2023 میں مبینہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں سے متعلق شکایت پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
نیب کراچی نے سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن کو خط لکھ کر اسکریننگ ٹیسٹ اور تحریری امتحان پاس کرنے والے امیدواروں کی تفصیلات الگ الگ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیب نے تمام امیدواروں کی تفصیلات، نتائج کا ریکارڈ، امتحانات کے اشتہارات اور امیدواروں کی جوائننگ سے متعلق معلومات بھی طلب کرلی ہیں۔
خط کے مطابق انٹرویو پینل کے ارکان کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ نیب نے سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ گریڈ 18 کے متعلقہ افسر کی 20 اکتوبر کو ریکارڈ سمیت پیشی یقینی بنائی جائے۔



