latest newsPolitics

پی ٹی آئی اسلام آباد آکر احتجاج کرنا چاہتی ہے تو رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے: فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اسلام آباد آکر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتی ہے تو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔

اپوزیشن کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، اخونزادہ حسین یوسف زئی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ جے یو آئی کی جانب سے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور دیگر قائدین نے ملاقات میں شرکت کی۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ مذاکرات کا حصہ نہیں تھے تاہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت نے مذاکرات کی گنجائش نہیں چھوڑی، جبکہ مذاکرات سیاسی لب و لہجے میں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کرنا جمہوری حق ہے، پی ٹی آئی اسلام آباد آکر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتی ہے تو رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔ ملک میں سیاسی معاملات کو میانہ روی کی جانب لے جانے کی ضرورت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر مشاورت ہونی چاہیے، کیونکہ سیاسی قیادت کو اپنے اپنے علاقوں کی صورتحال کا بخوبی علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئین اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں محب وطن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز سامنے آئی ہے، جس پر سیاسی جماعتیں اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد مشترکہ ایجنڈے کے تحت کانفرنس منعقد کرسکتی ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک کی معاشی اور امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں، سیاستدانوں کو مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے اور ان کی طرح وہ بھی متفقہ ایجنڈے کے خواہاں ہیں۔ مشاورت سے تیار ہونے والے ایجنڈے میں پورے پاکستان کے مسائل کا حل شامل ہوگا۔

راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل کو روکنے سے انتہا پسند رویے پروان چڑھتے ہیں، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر مشترکہ سیاسی جدوجہد کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کو مسترد کیا ہے اور ان کے مطابق گورنر راج یا ایمرجنسی صوبے کے مسائل کا حل نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button