محمد رضوان کی این سی سی آئی اے لاہور آفس پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

قومی کرکٹر محمد رضوان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور آفس میں پیشی کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان سے انکوائری خوشگوار ماحول میں ہوئی، تاہم انکوائری شروع ہونے سے قبل انہیں تقریباً 2 گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان سے انکوائری کا دورانیہ انتہائی مختصر رہا اور ان سے موبائل فون کے استعمال سے متعلق سوالات کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق رضوان کا موبائل فون تاحال واپس نہیں کیا گیا اور انہیں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون کو فارنزک معائنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے دورانِ انکوائری بعض سوالات بھی کیے، تاہم ان سوالات کے جوابات فوری طور پر نہیں دیے گئے۔ رضوان کو ان کے سوالات کے جوابات جلد فراہم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر محمد رضوان کو دوبارہ این سی سی آئی اے لاہور آفس طلب کیا جاسکتا ہے۔



