سپین میں قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان

اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے تناظر میں 29 نومبر کو قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ حکومت کے اہم ہاؤسنگ قوانین کو پارلیمنٹ سے منظوری نہ ملنے اور ملک بھر میں ہونے والے بڑے احتجاج کے بعد کیا گیا ہے۔
قوم سے ٹیلی وژن خطاب میں پیدرو سانچیز نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں ترقی پسند اکثریت کے حصول کے لیے عوامی مینڈیٹ کی تجدید چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوامی حمایت دوبارہ حاصل کرکے ایسی پارلیمانی اکثریت درکار ہے جو سماجی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے میں مدد دے۔
اسپین کے وزیر اعظم نے حکومت کی بعض غلطیوں اور انتخابی وعدے پورے نہ کر پانے کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ عوام کی ایک بڑی تعداد حکومت سے مطمئن نہیں۔
پیدرو سانچیز فلسطینی ریاست کی حمایت اور تارکین وطن کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بھی معروف ہیں۔ وہ دفاعی اخراجات کو جی ڈی پی کے 5 فیصد تک بڑھانے کے امریکی مطالبے کی مخالفت کرچکے ہیں، جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان پر تنقید بھی کی گئی۔
سانچیز حکومت کا مؤقف ہے کہ اسپین کی معاشی ترقی کے لیے تارکین وطن اہم ہیں، کیونکہ وہ تعمیرات، زراعت، ہوٹل اور ریسٹورنٹ سمیت مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی کمی پوری کرتے ہیں اور ملکی معیشت و فلاحی نظام کے لیے آمدنی پیدا کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔



