ایشیا کے لیے سعودی خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی

سعودی عرب نے نومبر کے لیے ایشیا کو فراہم کیے جانے والے خام تیل کی قیمتوں میں غیر متوقع طور پر نمایاں کمی کردی، جس کے بعد ایشیائی خریداروں کے لیے سعودی خام تیل کی قیمتیں تقریباً 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔
اس کے برعکس سعودی عرب نے شمال مغربی یورپ اور بحیرۂ روم کے خطے کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے نومبر کے لیے ایشیا کو فراہم کیے جانے والے عرب لائٹ خام تیل کی سرکاری قیمتِ فروخت عمان اور دبئی کی اوسط قیمت سے 5 ڈالر فی بیرل کم مقرر کی ہے، جو اکتوبر کے مقابلے میں 3 ڈالر فی بیرل کم ہے۔
اسی طرح آرامکو نے ایشیا کو فروخت کیے جانے والے دیگر خام تیل کے گریڈز عرب میڈیم اور عرب ہیوی کی نومبر کی سرکاری قیمتوں میں بھی 5 ڈالر فی بیرل کمی کردی ہے۔
قیمتوں میں یہ کمی ایشیائی خریداروں کے لیے سعودی خام تیل کو نسبتاً سستا بناتی ہے، جبکہ یورپ کے بعض خطوں کے لیے قیمتوں میں اضافے سے سعودی عرب کی مختلف مارکیٹوں کے لیے قیمتوں کے تعین کی حکمت عملی میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔



