مِتھن چکرورتی، کھانے کے لیے پارٹیوں میں مفت رقص کرتے تھے

بالی ووڈ کے معروف اداکار مِتھن چکرورتی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ مفت کھانا حاصل کرنے کے لیے پارٹیوں میں رقص کیا کرتے تھے۔
فرح خان کے یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے مِتھن نے بتایا کہ اداکاری میں کامیابی سے قبل انہیں انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کئی مرتبہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور باغات میں سوئے۔
فرح خان نے بتایا کہ ان کے ماموں کے کے شکلا امیتابھ بچن کے لیے فلمیں لکھا کرتے تھے اور مِتھن ان کی پارٹیوں میں کھانے کے عوض رقص کیا کرتے تھے۔ ان کے مطابق مِتھن اپنے رقص کی کوئی فیس نہیں لیتے تھے اور پرفارمنس کے بدلے انہیں کھانا دیا جاتا تھا۔
فرح خان نے کہا کہ مِتھن کی ابتدائی زندگی حقیقی جدوجہد کی مثال ہے اور وہ ان چند سپر اسٹارز میں شامل ہیں جنہوں نے جونیئر آرٹسٹ کے طور پر کیریئر شروع کیا اور بعد میں میگا اسٹار بنے۔
مِتھن چکرورتی نے چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر میں 350 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ انہیں تین نیشنل فلم ایوارڈز، چار فلم فیئر ایوارڈز اور 2024 میں بھارت کا سول اعزاز پدم بھوشن دیا گیا، جبکہ انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔



