کیپٹن (ر) صفدر کا امجد شاہ سے ذاتی تنازع ہے، اسے سیاست کا حصہ نہ بنائیں: اعظم نذیر تارڑ

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر اور سپریم کورٹ بار کے انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار امجد شاہ کے درمیان مانسہرہ میں پلاٹ کا ذاتی تنازع ہے، اسے سیاست کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ ن لائرز فورم امجد شاہ کی حمایت کا اعلان کرچکا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر محترم ہیں، تاہم وہ وکیل یا بار کے رکن نہیں، اس لیے انہیں بار کے انتخابات اور معاملات سے دور رہنا چاہیے۔
وزیر قانون نے احسن بھون کو وکلا برادری میں احترام رکھنے والی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں ان کے گروپ نے ایک یا دو مرتبہ ہی الیکشن ہارا ہے۔ ان کے بقول احسن بھون کے بارے میں انتخابی دنوں میں ہونے والی گفتگو ’’سستا اسٹنٹ‘‘ ہوتی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 2020 کے انتخابات میں احسن بھون نے عدالت سے بار کونسلز کے امیدواروں کی ڈگریوں اور کوائف کی تصدیق کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد ان سمیت احسن بھون اور امجد شاہ کی ڈگریوں کی تصدیق ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ذاتی علم میں احسن بھون کی ڈگری کے حوالے سے کوئی ایسی بات نہیں، جس پر اعتراض ہو۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کا بار کے انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔
احسن بھون کی جانب سے میاں داؤد ایڈووکیٹ کے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق بیان کی حمایت کے سوال پر وزیر قانون نے کہا کہ میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے زبان پر بہت کنٹرول ہونا چاہیے اور نپی تلی اور سچی بات کرنی چاہیے۔



