latest newsPakistan

لکی مروت میں کرکٹ میچ سے واپس آنے والی ٹیم پر فائرنگ، 3 کھلاڑی جاں بحق، 3 زخمی

میران شاہ: لکی مروت کے علاقے شاہ حسن خیل میں کرکٹ میچ کھیل کر واپس آنے والی مقامی ٹیم کے افراد کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کرکٹ ٹیم کے ارکان لوڈر رکشے میں اپنے گاؤں عبدل خیل واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے رکشے کو روک کر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں عمر، صدیق اور علیان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ آصف اللہ، امداد اللہ اور اعجاز زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد میں زیادہ تر کرکٹ کھلاڑی یا مقامی امن کمیٹی کے ارکان شامل ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں موجود بعض نوجوانوں نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور کے مارے جانے کی اطلاع بھی سامنے آئی، تاہم اس کی شناخت اور ہلاکت کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال کے ترجمان ولی خان نے 3 لاشوں اور 3 زخمیوں کی آمد کی تصدیق کی۔ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملے کے محرکات اور ذمہ دار افراد کے بارے میں مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔

واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بنوں اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے اور حالیہ دنوں میں امن کمیٹیوں، پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت شہریوں کو مختلف حملوں کا سامنا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button