latest newsPakistan
خیبرپختونخوا سے اسلام آباد جانے والے راستے بحال

اسلام آباد: تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ مؤخر کیے جانے کے بعد خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے متعدد اہم راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے۔
اٹک پل اور خیرآباد کے مقام پر جی ٹی روڈ سے رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد ٹریفک بحال کردی گئی، جبکہ ٹیکسلا میں بھی پنجاب کے داخلی راستوں پر رکھی گئی رکاوٹیں سائیڈ پر منتقل کردی گئیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق M-1 اسلام آباد تا پشاور دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہے، تاہم M-14 ہکلہ تا کنڈل اور بعض رابطہ سڑکوں پر بحالی کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب میانوالی کے سی پیک انٹرچینج داؤدخیل، کنڈل اور عیسیٰ خیل بدستور بند رہنے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر اسلام آباد کے ریڈ زون کے اطراف بڑی تعداد میں کنٹینرز تاحال موجود ہیں، جبکہ اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی انتظامات بھی برقرار ہیں۔



