latest newsPoliticsWorld
ریاض میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ فوجی حکام کا ہنگامی اجلاس

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ فوجی حکام کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات اور مشترکہ دفاعی تعاون پر غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے شرکت کی۔ شرکاء نے سعودی عرب کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور مکہ مکرمہ، شہری آبادی اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔
اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عسکری رابطہ کاری، تعاون اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام کو مزید بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے دیرینہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو سراہتے ہوئے مشترکہ دفاعی معاہدے کے عہد و پیمان کو مؤثر عسکری تعاون میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔



