صاحبزادہ فرحان نے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 238 رنز بنا کر بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ مکمل رکن ممالک کے درمیان تین میچوں کی دوطرفہ ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ ریکارڈ ساز کارکردگی پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
راولپنڈی میں کھیلی گئی سیریز میں صاحبزادہ فرحان نے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے 79.33 کی اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 238 رنز بنائے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے اوپنر ابھیشیک شرما کے پاس تھا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز میں 229 رنز بنائے تھے۔ اس دوران ان کی بیٹنگ اوسط 76.33 رہی، جبکہ انہوں نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری اسکور کی تھی۔
مکمل رکن ممالک کے درمیان تین میچوں کی دوطرفہ ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں صاحبزادہ فرحان 238 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ ابھیشیک شرما 229 رنز کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کولن منرو 223 رنز کے ساتھ تیسرے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 217 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
صاحبزادہ فرحان نے سیریز کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔ پہلے ٹی 20 میچ میں انہوں نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
دوسرے میچ میں بھی صاحبزادہ فرحان کی عمدہ فارم برقرار رہی اور انہوں نے صرف 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز اسکور کیے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز ہی بنا سکی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں صاحبزادہ فرحان نے 47 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو 168 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم، سری لنکا نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
آخری میچ میں شکست کے باوجود پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی۔ صاحبزادہ فرحان تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کرنے اور مجموعی طور پر 238 رنز بنانے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔



