latest newsWorld

امریکی پائلٹ نے فضا میں شاہکار پینٹنگ ’دی اسکریم‘ بنا کر سب کو حیران کردیا

امریکی پائلٹ بینجمن میک ڈینیئل نے فضا میں منفرد مصوری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی مشہور پینٹنگز میں سے ایک ایڈورڈ منک کے شاہکار ’دی اسکریم‘ کا خاکہ طیارے کی پرواز کے ذریعے بنا دیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

منگل کو بینجمن میک ڈینیئل نے امریکی ریاستوں ارکنساس اور اوکلاہوما کے اوپر پرواز کرتے ہوئے پینٹنگ ’دی اسکریم‘ کے خدوخال فضا میں تشکیل دیے۔ انہیں ایوی ایشن کی دنیا میں ’پائلٹ پکاسو‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

اس غیر معمولی فضائی مشق کے لیے انہوں نے سنگل انجن والے سیسنا اسکائی لین آر جی طیارے کا استعمال کیا۔ پینٹنگ کے خدوخال، لہریں اور چہرے کے تاثرات درست انداز میں بنانے کے لیے پائلٹ نے مسلسل 5 گھنٹے 40 منٹ تک تقریباً 10 ہزار 575 فٹ کی بلندی پر پرواز کی۔

بینجمن میک ڈینیئل اس کام کے لیے کسی کینوس یا رنگوں کا استعمال نہیں کرتے، بلکہ فلائٹ نیویگیشن سسٹم میں پہلے سے تیار کردہ راستے پر عمل کرتے ہیں۔ طیارے کے مخصوص موڑ اور چکر کاٹنے سے اس کی پرواز کا راستہ لائیو فلائٹ ٹریکر پر ایک لکیر کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے، جو دیکھنے میں ایک پینٹنگ کا خاکہ بن جاتا ہے۔

پینٹنگ ’دی اسکریم‘ میں خوف زدہ چہرے کے تاثرات اور پس منظر میں موجود لہریں نمایاں ہیں۔ طیارے کے ذریعے ان جزئیات کو فضائی راستے میں ڈھالنے کے لیے درست منصوبہ بندی، مسلسل توجہ اور طیارے پر مضبوط کنٹرول درکار ہوتا ہے۔

بینجمن میک ڈینیئل اس سے قبل بھی فضا میں مختلف پیچیدہ خاکے بنا کر شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی اس نئی فضائی مصوری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین کی جانب سے انہیں سراہا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button