latest newsPakistan

سندھ فرسٹ کامن کے زیرِ تربیت افسران کا ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کا دورہ

شجرکاری اور شہری ہریالی کے منصوبوں پر بریفنگ

لاہور(عمران اسلم) سندھ فرسٹ کامن سے تعلق رکھنے والے زیرِ تربیت افسران کے وفد نے ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہیں شہر میں جاری ہارٹیکلچر سرگرمیوں، شجرکاری، پارکس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال سمیت ادارے کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مینجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر سونیا کلیم، زونا وحید اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ حسان الحق بھی موجود تھے۔ وفد کی قیادت شوکت علی عمرانی اور احتشام الحق مغل نے کی۔

 

دورے کے دوران افسران کو ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی ذمہ داریوں، شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے جاری اقدامات اور پارکس و گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ زیرِ تربیت افسران نے جیلانی پارک کا دورہ کیا، بونسائی گارڈن کا مشاہدہ کیا اور شجرکاری کی سرگرمی میں بھی حصہ لیا۔

مینجنگ ڈائریکٹر احمد عثمان جاوید نے وفد کو بتایا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور شہر میں شجرکاری، پارکس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، ہارٹیکلچر سرگرمیوں کے فروغ اور شہری ماحول کو خوبصورت بنانے کی ذمہ دار ہے۔ ادارہ سرسبز ماحول کے فروغ، تفریحی سہولیات میں بہتری اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور شہر کے 808 پارکس اور 1,273 ایکڑ رقبے پر مشتمل گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ادارے کے زیرِ انتظام 21 نرسریاں، 53 میاواکی جنگلات اور ایک میوزیم بھی موجود ہیں، جو شجرکاری، ماحول دوست سرگرمیوں اور شہری ہریالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

احمد عثمان جاوید کے مطابق شہر میں ہارٹیکلچر سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں منظم کرنے اور پارکس و گرین بیلٹس کی بہتر دیکھ بھال کے لیے آٹھ زونز قائم کیے گئے ہیں۔ ان زونز کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں شجرکاری اور ہارٹیکلچر سے متعلق امور انجام دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ادارہ شہر میں آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کے انتظامات بھی کرتا ہے۔ شہریوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے گراؤنڈز اور دیگر تفریحی و کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی بھی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ لاہور کے گرین کور میں اضافہ ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری، شجرکاری کے فروغ اور شہری ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور سموگ پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف، صحت مند اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button