سمارٹ فونز کا ڈیزائن مستطیل ہی کیوں ہوتا ہے؟

دنیا بھر میں متعدد کمپنیاں فولڈ ایبل اور فلپ فونز تیار کر رہی ہیں، تاہم مستطیل ڈیزائن کے سمارٹ فونز آج بھی سب سے زیادہ مقبول ہیں۔
آئی فون ہو یا اینڈرائیڈ فون، زیادہ تر ڈیوائسز کا بنیادی ڈیزائن ایک جیسا ہے، یعنی لمبا مستطیل ڈھانچہ جس کے چاروں کونے گول ہوتے ہیں۔
اس کی ایک بڑی وجہ سکرین کا ڈیزائن ہے۔ جدید اسمارٹ فونز میں ڈسپلے فون کے تقریباً پورے فرنٹ پر پھیلا ہوتا ہے، جس کے لیے مستطیل شکل زیادہ موزوں ہے۔
دوسری وجہ اس کا عملی استعمال ہے۔ لمبے اور پتلے مستطیل فون آسانی سے جیب یا بیگ میں رکھے جاسکتے ہیں، جبکہ یہ ڈیزائن ہاتھ میں مضبوط گرفت بھی فراہم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ فونز میں استعمال ہونے والی بیٹریاں بھی عموماً پتلی اور مستطیل شکل کی ہوتی ہیں، جس سے اندرونی جگہ کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا آسان ہوتا ہے۔
اسی لیے ماہرین کے مطابق آنے والے برسوں میں بھی اسمارٹ فونز کے بنیادی مستطیل ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کا امکان کم ہے، جبکہ صارفین بھی اس شکل کو استعمال میں آسان سمجھتے ہیں۔



