latest newsWorld
شمالی کوریا کا مبینہ ہائپرسونک میزائل کا تجربہ، کم جونگ اُن کا مخالفین کیلئے ’دردِ سر‘ قرار

شمالی کوریا نے مبینہ طور پر ہائپرسونک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے اتوار کو بحیرہ جاپان میں 2 میزائلوں کا تجربہ کیا، جن میں سے ایک نے 440 کلومیٹر جبکہ دوسرے نے 590 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے نے نئے ہتھیاروں کے کامیاب تجربے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کم جونگ اُن نے اپنی بیٹی کے ہمراہ تجربے کا مشاہدہ کیا۔
شمالی کوریا نے ہتھیار کی قسم یا تجربے کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم امریکی اور جنوبی کوریائی میڈیا نے ماہرین کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ہائپرسونک میزائل کا تجربہ تھا۔
کم جونگ اُن نے کہا کہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ ریاست کی جنگی تیاری اور مسلح افواج کی مستقبل کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق اس کامیاب تجربے سے مخالفین کے لیے ’’ناقابل علاج دردِ سر‘‘ پیدا ہوگا۔



