latest newsWorld

بنگلادیشی رکن اسمبلی کی دوسری اہلیہ کی مبینہ خودکشی، رکن اسمبلی اور پہلی اہلیہ گرفتار

بنگلادیش میں رکن اسمبلی غازی نذر الاسلام کی 19 سالہ دوسری اہلیہ مریم مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ پولیس نے واقعے کے بعد غازی نذر الاسلام اور ان کی پہلی اہلیہ مقصودہ بیگم کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مریم گزشتہ روز گھر میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی، جبکہ بستر سے ہاتھ سے لکھی مبینہ خودکشی کی تحریر بھی ملی۔

مریم کے والد معصوم باللّٰہ نے الزام عائد کیا کہ شادی کے بعد ان کی بیٹی نے فون پر متعدد مرتبہ بتایا تھا کہ غازی نذر الاسلام اور مقصودہ بیگم اسے مبینہ طور پر جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

مریم کے والد نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کی مدعیت میں غازی نذر الاسلام، ان کی پہلی اہلیہ اور مریم کے ماموں عبیدالرحمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر خودکشی پر اکسانے کی دفعات بھی شامل ہیں۔

پولیس نے غازی نذر الاسلام اور مقصودہ بیگم کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے غازی نذر الاسلام کا چار روزہ جبکہ مقصودہ بیگم کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ پولیس نے دونوں کے لیے سات روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

واضح رہے کہ غازی نذر الاسلام جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر ستکھیرا-4 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ دوسری شادی کے تنازع کے بعد جماعت اسلامی نے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا۔ پارٹی کی اندرونی تحقیقات میں انہیں ’’اخلاقی پستی‘‘ کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button