منی ماتھور کو سلمان خان کا شوہر سے متعلق تبصرہ پسند نہیں آیا

ریئلٹی شو کی فاتح، ٹی وی میزبان، اداکارہ اور ماڈل منی ماتھور نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سلمان خان کا ان کے شوہر اور ہدایتکار کبیر خان سے متعلق ایک تبصرہ پسند نہیں آیا۔
منی ماتھور کے مطابق سلمان خان نے ریئلٹی شو ’الائنس‘ کی ایک قسط میں کہا تھا کہ کبیر خان ان سے ڈرتے ہیں۔ منی ماتھور نے کہا کہ وہ سلمان خان کو بہت پسند کرتی ہیں، تاہم ان کا یہ تبصرہ انہیں اچھا نہیں لگا۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ انہیں طویل عرصے تک کبیر خان کی اہلیہ کے طور پر جانا جاتا رہا، اس لیے شو میں سلمان خان سمیت دیگر افراد کا انہیں ایک مختلف پہلو سے جاننا خوش آئند تھا۔
منی ماتھور نے سلمان خان کی شو میں آمد کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر شرکا کا انہیں دیکھ کر حیران ہونا اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کافی پینا دلچسپ منظر تھا۔ ان کے مطابق سلمان خان نے شرکا کے ساتھ اپنے ذاتی تجربات شیئر کیے، ان کا حوصلہ بڑھایا اور مذاق بھی کیا۔
واضح رہے کہ کبیر خان اور سلمان خان ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’ٹیوب لائٹ‘ سمیت تین فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔
منی ماتھور نے ’الائنس‘ کا ٹائٹل جیت کر 50 لاکھ روپے انعام حاصل کیا۔



