الو ارجن کی نئی فلم ’راکا‘ نے ریلیز سے قبل گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

تیلگو سپر اسٹار الو ارجن اور ہدایتکار ایٹلی کی نئی فلم ’راکا‘ نے ریلیز سے قبل ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
فلم میں 37 اداکاروں کی ایک ساتھ ریکارڈنگ کرکے ریئل ٹائم میں سب سے زیادہ افراد کی موشن کیپچرنگ کا عالمی ریکارڈ بنایا گیا۔
فلم ساز ادارے نے ایکس پر ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے الو ارجن اور ہدایتکار ایٹلی کی گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ تھامے تصویر بھی شیئر کی۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ یہ کامیابی بھارتی سنیما کو عالمی سطح پر نمایاں کرتی ہے۔

چند روز قبل فلمساز سیبی چکرورتی نے الو ارجن اور دیپیکا پڈوکون کی اداکاری میں بننے والی فلم ’راکا‘ کے ویژولز کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ’اوتار‘ میں بھی ایسے ویژولز دیکھنے کو ملیں گے۔
فلم ’راکا‘ کا پہلا لک 8 اپریل کو الو ارجن کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا تھا، جس میں اداکار گنجے سر، آنکھوں میں کاجل اور جانوروں کے پنجوں کے ساتھ نظر آئے تھے۔



