سادہ کپڑوں میں کسی کو اٹھایا جائے گا تو اس پر ردعمل آئے گا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سادہ کپڑوں میں کسی کو اٹھایا جائے گا تو اس پر ردعمل آئے گا۔
صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو قانونی، آئینی اور پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عدالتی احکامات اور قانون کو نہیں مان رہی، جس سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکور خان پر حملے کی ویڈیو موجود ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے پینا فلیکس جلائے اور کیمپ اکھاڑے گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے حالات درست کیے جائیں۔ انہوں نے گورنر راج کے معاملے پر کہا کہ ’’میں چیلنج کرتا ہوں، گورنر راج لگا کر دیکھیں۔‘‘
اس سے قبل پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے انتشاری سیاست کے الزام کو مسترد کیا اور کہا تھا کہ تمام آئینی و سیاسی آپشنز استعمال کیے گئے، شنوائی نہ ہونے پر لانگ مارچ کا اعلان کیا۔



