پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار، سیاسی کمیٹی بنانے کا مطالبہ

تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے سیاسی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جانب سے سیاسی کمیٹیاں بیٹھیں تو معاملات کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ حکومت آج یا جب چاہے مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے بامعنی مذاکرات ضروری ہیں۔ وزیراعظم بااختیار اور فیصلہ کرنے والے سیاسی لوگوں پر مشتمل ٹیم بنائیں تاکہ مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ رات سے وفاقی سطح پر متعلقہ لوگوں سے رابطے جاری ہیں اور گزشتہ واقعات سے متعلق اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے صورتحال مزید سنگین ہو۔ ان کے مطابق گرفتاریاں حالات کو مزید خراب کریں گی، اس لیے اب وقت ہے کہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جارہی۔ پارلیمنٹ، سینیٹ اور دیگر فورمز پر آواز اٹھائی، لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ سیاسی رہنما بتائیں کہ احتجاج کے علاوہ ان کے پاس کیا راستہ ہے۔



