روس کے پارلیمانی انتخابات: پیوٹن کی جماعت یونائیٹڈ رشیا کو واضح برتری

ماسکو: روس کے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں صدر ولادیمیر پیوٹن کی جماعت یونائیٹڈ رشیا نے واضح برتری حاصل کرلی۔
روس کے مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق 71.17 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک یونائیٹڈ رشیا نے 57.53 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ابتدائی نتائج کے مطابق یونائیٹڈ رشیا کے امیدوار 225 میں سے 208 براہ راست حلقوں میں بھی آگے ہیں اور جماعت روسی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں آئینی اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، جس کے لیے 301 نشستیں درکار ہیں۔
کمیونسٹ پارٹی آف دی رشین فیڈریشن 14 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے 8.73 فیصد، نیو پیپل پارٹی نے 7.97 فیصد اور اے جسٹ رشیا پارٹی نے 5.03 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
روسی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کی 450 نشستوں میں سے 225 نشستوں کا انتخاب پارٹی فہرستوں کے ذریعے جبکہ باقی 225 نشستوں پر براہِ راست حلقوں سے کیا جاتا ہے۔
یوکرین کے ساتھ جنگ کے دوران ہونے والے یہ روس کے پہلے پارلیمانی انتخابات ہیں۔ انتخابات کے دوران یوکرین کی جانب سے حملے بھی جاری رہے، جنہیں روس نے انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔



