محمد صلاح جس پتھر پر بیٹھے، ترک شائقین نے اسے ’خاص پتھر‘ بنا دیا

انقرہ: مصری فٹبالر محمد صلاح سے ترک عوام کی والہانہ محبت کا منفرد انداز سامنے آیا ہے، جہاں ان کی ایک تصویر کے بعد ایک عام پتھر شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق محمد صلاح نے چند روز قبل ترکیے کے دورے کے دوران طرابزون کی وادی کورت دیرہ کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ایک پتھر پر بیٹھ کر تصویر بنوائی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
محمد صلاح کی تصویر سامنے آنے کے بعد بڑی تعداد میں فٹبال شائقین وادی پہنچنے لگے اور اسی پتھر پر بیٹھ کر تصاویر بنوانے لگے۔ ہزاروں افراد کی آمد کے باعث وادی کے قریب کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگ گئے۔
ترک فٹبال شائقین نے وادی کو بھی محمد صلاح سے منسوب کردیا ہے۔
خیال رہے کہ محمد صلاح نے برطانوی فٹبال کلب چھوڑنے کے بعد ترکیے کے کلب طرابزون اسپور سے معاہدہ کیا ہے۔ ان کی سالانہ تنخواہ 17 ملین یورو مقرر ہونے کی اطلاعات ہیں، جو ترک سپر لیگ میں سب سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔



