latest newsPakistan

داتا دربار کا ترقیاتی منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے: اسحاق ڈار

لاہور (شیخ طاہر علی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار منفرد روحانی و تاریخی اہمیت کا حامل اور لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے مرکزِ عقیدت ہے۔ داتا دربار پر ملک بھر اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں زائرین حاضری دیتے ہیں، اس لیے انہیں بہتر سہولیات، جدید انفراسٹرکچر، محفوظ، آرام دہ اور باوقار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز داتا دربار لاہور کے دورے کے موقع پر کیا۔ نائب وزیراعظم نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے داتا دربار کمپلیکس میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف حصوں میں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محمد اسحاق ڈار کو ترقیاتی منصوبے، جاری تعمیراتی سرگرمیوں، انفراسٹرکچر کی بہتری اور زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ داتا دربار کی مذہبی، تاریخی اور ثقافتی شناخت برقرار رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

نائب وزیراعظم نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ اوقاف اور متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار کو یقینی بناتے ہوئے منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی مراحل کے دوران زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت داتا دربار کے ترقیاتی منصوبے کی کامیاب اور بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button