Uncategorized

کوہاٹ حملہ: ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعظم کا اظہارِ افسوس، 18 خوارج کی ہلاکت کو پولیس کی بہادری قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے درہ بکاخ میں دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی۔ وطن کے امن و سلامتی کے لیے قربانی دینے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

شہباز شریف نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کارروائی کے دوران 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش ہے، ایسے عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جرأت اور ثابت قدمی قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button