latest newsPakistan

لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نےفیک ویڈیو وائرل کیس میں ویڈیو لنک بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت کیلئے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی درخواست پر سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی ، عدالت نے فلک جاوید اور عتیق ریاض کی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کر تے ہوئے وزیر اطلاعات کے وکیل کو ریکارڈ کا جائزہ لینے کے لیے مہلت دے دی، وکیل سید علی زاہد بخاری نے موقف اختیار کیا کہ فیک ویڈیو وائرل کرنے کا کیس ٹرائل کورٹ میں زیرِ التوا ہے، درخواست گزار اہم صوبائی عہدے پر فائز ہونے کے باعث سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹرائل کورٹ میں بیان پر جرح کے لیے پیش ہونا ممکن نہیں ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے گنے کی قیمت مقرر نہ کرنے کے اقدام کے خلاف ایک سال قبل دائر درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا منظور کر لی ،صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر حسین نے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کرنے کا حکم دیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ درخواست میں گنے کے کاشتکاروں کے گزشتہ واجبات کی ادائیگی کا حکم جاری کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے، عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کررکھا ہے ۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نےوکیل کے پیش نہ ہونے پر پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف پی ٹی آئی رہنما شیخ امتیاز اور اعجاز شفیع کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی،عدالت نے درخواست گزار وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے بارے دلائل کی ہدایت کر رکھی ہے۔

لاہورہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو انکوائری نوٹس بھیجنے پرتوہین عدالت کی درخواست پرڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کو 8 دسمبر کو پیش ہونے سے استثنیٰ دے دیا، محمد خان بھٹی نے 2023 میں دائر توہین عدالت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے انہیں ہراساں نہ کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم اس کے باوجود انکوائری کے نوٹس بھجوائے گئے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل فرخ جاوید لودھی نے عدالت کو بتایا کہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی بیماری کے باعث پیش نہیں ہو سکے، تمام فریقین کی جانب سے جوابات جمع کروا دئیے گئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس امجد پرویز نے مبینہ جعلی پولیس مقابلہ کیس میں نامزد ایس آئی معظم شہباز اور کانسٹیبل علی نواز کی عبوری ضمانتوں میں 7 دسمبر تک توسیع کر دی،ایف آئی اے ساہیوال نے بلقیس بی بی کی درخواست پر تھانہ گوگیرہ ضلع اوکاڑہ کے پولیس اہلکاروں کے خلاف مبینہ جعلی پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کیا، ایف آئی اے کے مطابق بلقیس بی بی کے بیٹے سبغت الحسن کو پولیس نے دورانِ حراست مبینہ طور پر جعلی مقابلے میں قتل کیا،ایف آئی اے کا مؤقف ہے کہ مقتول کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا، پولیس اہلکار بھانجے کو گرفتار کرنے گئے تھے تاہم انہوں نے اس کے ماموں سبغت الحسن کو حراست میں لے لیا،بعد ازاں سبغت الحسن کو مبینہ طور پر پولیس مقابلے میں پار کر دیا گیا،ایف آئی اے نے پولیس اہلکاروں ایس ایچ او عظمت علی، سب انسپکٹر رانا نظر عباس، سب انسپکٹر رائے منظور، اے ایس آئی عرفان علی اور محرر سیف اللہ کو گرفتار کیا۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس انوار حسین نے پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹاؤن پلانرز میں بطور آرکیٹکٹ رجسٹر نہ کرنے کے خلاف درخواست پر وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، عدالت میں موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار کو پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹاؤن پلانرز آرکیٹکٹ رجسٹر نہیں کر رہا اور نہ کوئی وجہ بتا ئی گئی ،وکیلُ وفاقی وزارت ہاوسنگ کا موقف تھا کہ رجسٹریشن کا معاملہ دو پرائیویٹ افراد کے درمیان تنازعہ ہے،دو پرائیویٹ افراد کے تنازع میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے،عدالت نے استفسار کیا کہ پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹاؤن پلانرز کس قانون کے تحت کام کر رہی ہے،اگر کونسل حکومتِ کے ماتحت نہیں ہے تو تعلیم یافتہ افراد کو کس قانون کے تحت رجسٹر کیا جا رہا ہے؟

لاہور ہائیکورٹ میں ڈیوٹی پر نہ ہونے کے باوجود رشوت کیلئے شہری کو روکنے والے دو ٹریفک وارڈنز کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ،جسٹس عبہر گل خان نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار وکیل کو حقائق کے مطابق درخواست دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کر دی ،پیر اجمل شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار کیولری گراؤنڈ کے قریب فیملی کے ساتھ گاڑی پر جارہا تھا،دو ٹریفک وارڈنز منور اور تصور نے روکا، دونوں ملازمین نے ای چالان کیلئے روکا لیکن ریکارڈ پر میرا کوئی چالان نہیں تھا ،دونوں ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی نہیں تھی رشوت کیلئے روکا، تحقیقات میں دونوں ٹریفک وارڈنز قصور وار پائے گئے ،تھانہ ساؤتھ کینٹ پولیس نے میری درخواست پر دونوں وارڈنز پر مقدمہ درج نہیں کیا ۔

سینٹر حامد خان کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک تاریخی بحران سے گزر رہا ہے۔ ہم نے بہت سے دور دیکھے ہیں لیکن یہ اپنی طرح کا ظالمانہ دور ہے، اس بار آئین کو معطل نہیں کیا گیا بلکہ آئین کو مسخ کر دیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حامد خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے،دو ایپکس کورٹ ہیں، اس طرح دنیا میں کسی جگہ نہیں ہوتا، اس کے پیچھے ملٹری مائنڈ سیٹ ہے جو تمام اداروں کو گرانا چاہتے ہیں، حامد خان نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں جو جی ایچ کیو کہے وہی ہو، پاکستانی عوام جمہوری سوچ کی حامل ہے،پاکستان بننے میں کسی جگہ جرنیل نہیں نظر آتا لیکن ملک کے قیام کے بعد ملٹری نافذ ہے،جس کی وجہ سے آج تک ملک میں نہ معاشی استحکام ہے، نہ سیاسی استحکام ہے، ہم اس ملک سے مکمل ملٹری کنٹرول ختم کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پانچ پوائنٹس ہیں جس پر ہم جدوجہد کر رہے ہیں، ہم اس ملک میں نام نہاد جمہوریت نہیں چاہتے، حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، ہم سول سپرمیسی چاہتے ہیں، لوگوں کا منتخب وزیراعظم چاہتے ہیں، جعلی وزیراعظم نہیں، اس سب کے لیے قوم وکلاء کی طرف دیکھ رہی ہے،اس لیے ہم تحریک چلا رہے ہیں، سینئر قانون دان علی احمد کرد نے کہا کہ ملک میں آج مارشل لاء سے بھی بدتر صورتحال ہے،لاہور ہائیکورٹ بار آج بھی غیر آئینی اقدامات کے خلاف کھڑی ہے، ملک میں ہونے والی آئینی خلاف ورزیوں کے خلاف وکلاء نے ہمیشہ کردار ادا کیا،ملک میں اگر کوئی اچھی چیز ہے تو وہ وکلاء ہیں،خوف کے ماحول میں بھی وکلاء سچ اور آئین کے لیے کھڑے ہیں،26ویں ترمیم تباہی تھی، 27ویں ترمیم کے بعد ملک میں عدلیہ نام کی کوئی چیز نہیں رہی، آج ایک بھی جج یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ آزاد ہے،کچھ بھی ہو جائے ان ترامیم کو آئین کا حصہ نہیں رہنے دیں گے، وکلاء تحریک کے نتیجے میں سپریم کورٹ میں آٹھ نو آزاد ججز سامنے آئے، اسٹیبلشمنٹ کو آزاد آوازیں اٹھنے پر پریشانی شروع ہوگئی،آئین کی بحالی کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے، نوجوان وکلاء پوچھ رہے ہیں کہ آگے کیا کرنا ہے، ہم نے انہیں امید دی ہے،وکلاء کو کمزور نہ سمجھا جائے، ہم ہمت اور حوصلے والے لوگ ہیں،لاہور کے وکلاء کو اب اٹھنا چاہیے، مستقبل میں کوئی جنرل حکومت یا مارشل لاء کا سوچ بھی نہیں سکے گا،صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بابر مرتضی کی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف کل اے پی سی طلب کر لی ہے ،اے پی سی کا مقصد آئین کی بحالی اور غیر آئینی ترامیم کا خاتمہ ہے،مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے،وکلاء رہنماؤں اور صحافیوں کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے،اے پی سی میں تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا،ہم غیر آئینی ترامیم کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ 28 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آئے گا دیکھ کر فیصلہ کرینگے،صوبوں کے معاملے پر جب چیزیں سامنے آئے گی پھر دیکھیں گے ،علی ظفر کا مزید کہنا تھاکہ پنجاب میں کرپشن کے وزیر خود بیان دے رہے ہیں جو بڑی باتیں ہیں ،کرپشن کے الزامات اپوزیشن لگائے تو وہ اور بات ہے مگر حکومتی وزیر الزامات عائد کررہے ہیں ،پنجاب میں حکومت کی عمارت خطرے میں نظر آرہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button