کرپشن کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بلاامتیاز احتساب ضروری ہے، بلاول بھٹو

کراچی میں سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ 20 سال سے پاکستان کی سیاست اور اس سے کچھ کم عرصے سے پارلیمنٹ کا حصہ ہیں۔ اس دوران ان کا تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ رہا ہے، تاہم اگر وہ خود مایوس ہیں تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے نوجوان کس کیفیت سے گزر رہے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اگر کوئی ری سیٹ کرنا ہے تو وہ جمہوری ہونا چاہیے، تاکہ اس عمل میں عوام کی شمولیت برقرار رہے۔ اس کے ذریعے پارلیمنٹ کی بالادستی، عدالتوں پر اعتماد، انتخابی نظام اور احتساب کے نظام کو بحال کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے اور نوجوان کرپشن سے پاک پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ایسا نظام بنانا ہوگا جو کرپشن کے راستے بند کرے، جبکہ احتساب کا عمل بھی بلاتفریق ہو اور انتقام کے بجائے حالات بہتر بنانے کے لیے کام کرے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان باہمی اعتماد بحال ہو اور عوام کا اپنے نظام پر اعتماد بھی دوبارہ قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں اتحاد بحال کرکے ایسا ماحول پیدا کیا جائے جو تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو تو پاکستان ہر بحران سے نمٹ سکتا ہے۔ تاہم اگر سیاسی جماعتیں آپس میں لڑتی اور تقسیم کو ہوا دیتی رہیں گی اور امید کے بجائے نفرت پھیلائیں گی تو ملک کسی بھی بحران کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر وہ کامیاب ہوئے تو یہ پاکستان اور عوام کے مفاد میں ہوگا، اور اگر ناکام بھی ہوئے تو تاریخ یاد رکھے گی کہ ایک نوجوان نے کھڑے ہوکر کوشش کی۔



