فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملائیشین وزیراعظم سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات ملائیشیا کے شہر پتراجایا میں وزیراعظم آفس پردانا پوترا میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا اور دفاع و سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، فوجی تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سلامتی کے امور پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملائیشین وزیر دفاع محمد خالد بن نوردین سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دفاعی تعاون کو وسعت دینے، فوجی روابط مضبوط بنانے اور مسلح افواج کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
ملائیشیا کی وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، تقریب میں ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس اور بری، بحری و فضائی افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر (PUSPAHANAS) کا دورہ بھی کریں گے، جہاں انہیں ہال آف فیم کے 21ویں رکن کے طور پر شامل کرنے کی تقریب منعقد ہوگی۔



