فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات اسلام آباد میں ہوئی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان تعمیری روابط کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔



