latest newsPakistan

پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت مستقل بند کرنے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت مستقل طور پر بند کرنے اور مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کے تھیلے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ آٹے، گندم اور دیگر ضروری اشیا کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آٹے اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف پورے کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے کے کولڈ اسٹوریج میں کیلے، سیب اور کھجور کی مناسب ذخیرہ اندوزی یقینی بنانے کا پابند ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے بھر میں منڈی مارٹ قائم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قیمتوں کی نگرانی پر زور دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button