پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے، ٹرمپ کا دعویٰ

فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان 2025ء کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ لڑائی کے دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں جوہری طاقتوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر جنگ نہ روکی تو امریکا ان کے ساتھ تجارت بند کر دے گا اور بھاری ٹیرف عائد کرے گا۔
فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوائیں، اس کے باوجود انہیں نوبیل انعام نہیں دیا گیا۔ ان کے بقول، ان میں سے پانچ جنگیں ٹیرف کے ذریعے رکوانے میں کامیابی حاصل کی۔
امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانا ان کے لیے ایک اہم کامیابی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں ممالک کو واضح پیغام دیا گیا تھا کہ جنگ جاری رہی تو انہیں امریکا کے ساتھ تجارت کے معاملے میں بھاری محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگیں رکوانے کے عمل میں اقوام متحدہ نے مدد نہیں کی، جبکہ تمام جنگیں رکوانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے کہا کہ اس کے خلاف ایک اور فوجی آپریشن کیا جا سکتا ہے، تاہم امریکا جنگ کو جلد ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ جنگ ختم کی جائے یا ایران کو مزید کمزور ہونے دیا جائے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے کے بعد کیوبا سے بھی نمٹا جائے گا اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو بھیجا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں سے تیل کی ترسیل جاری ہے اور امریکا اپنی مرضی کے مطابق اس راستے سے تیل نکال رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے آج جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل برآمد کیا جا رہا ہے۔



