مس یونیورس میں مصباح ارشد کا مارخور سے متاثر منفرد لباس، پاکستانی ثقافت اجاگر

21 نومبر کو امریکی زیرِ انتظام علاقے پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں منعقدہ 75ویں مس یونیورس مقابلے میں مصباح ارشد نے خصوصی طور پر تیار کردہ لباس پیش کیا، جس کا ڈیزائن پاکستان کے قومی جانور مارخور سے متاثر ہو کر بنایا گیا تھا۔
مارخور اپنے بل کھاتے ہوئے منفرد سینگوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں رہائش کے باعث دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ یہ پاکستان کے شمالی اور پہاڑی علاقوں کی جنگلی حیات کا اہم حصہ ہونے کے ساتھ قومی فخر کی علامت بھی ہے۔
مصباح ارشد کے اس لباس کا مقصد محض فیشن کا مظاہرہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے قدرتی ورثے، جنگلی حیات اور قومی تشخص کو متعارف کروانا بھی تھا۔
پاکستانی ماڈل کے منفرد لباس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جہاں صارفین نے اس کے ڈیزائن کو خوبصورت اور متاثر کن قرار دیا۔
واضح رہے کہ 75ویں مس یونیورس مقابلے میں 100 سے زائد ممالک اور خطوں کی نمائندہ حسینائیں شریک ہیں، جبکہ مقابلے کا گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو میں منعقد ہوگا۔



