latest newsWorld

آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں پرانی 9 خفیہ سرنگیں اور تہہ خانے دریافت

دنیا کے مشہور تاریخی مقامات میں شامل استنبول کی آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں سے موجود خفیہ سرنگوں اور زیرزمین راستوں کا سراغ مل گیا ہے۔ ماہرین آثار قدیمہ نے بحالی کے کام کے دوران اب تک 9 سرنگیں، پانی کی گزرگاہیں، گنبد نما کمرے اور ایک قدیم مقبرہ دریافت کیا ہے۔

آیا صوفیہ مسیحی بازنطینی سلطنت اور مسلم سلطنت عثمانیہ دونوں کے لیے تاریخی اور مذہبی اہمیت رکھتی ہے۔ تقریباً 1500 سال قبل بازنطینی دور میں اسے گرجا گھر کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا، تاہم 15ویں صدی کے وسط میں سلطنت عثمانیہ کی جانب سے استنبول فتح کیے جانے کے بعد اسے مسجد میں تبدیل کردیا گیا۔

اس تاریخی عمارت کے نیچے سرنگوں اور خفیہ راستوں کی موجودگی کے بارے میں صدیوں سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم حالیہ آثار قدیمہ کی تحقیقات کے دوران ان زیرزمین حصوں کا سراغ ملا ہے۔

فروری 2025 سے جاری تحقیق اور بحالی کے کام کے دوران اب تک 420 میٹر طویل سرنگوں کی صفائی کی جاچکی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ زیرزمین راستے کئی کلومیٹر تک پھیلے ہوسکتے ہیں۔

دریافت ہونے والی سب سے بڑی سرنگ 180 میٹر طویل ہے۔ ماہرین کے مطابق امکان ہے کہ یہ سرنگ پانچویں صدی کی ایک قدیم رومی سڑک سے جاکر ملتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آیا صوفیہ کی موجودہ عمارت 537 عیسوی میں تعمیر ہوئی تھی، لیکن اس کے نیچے دریافت ہونے والے بعض حصے اس سے بھی زیادہ قدیم معلوم ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تاریخی مقام کی بحالی کے تین سالہ منصوبے کے دوران زیرزمین حصوں سے اب تک 3 ہزار ٹن ملبہ ہٹایا جاچکا ہے۔ ماہرین آثار قدیمہ تھری ڈی لیزر اسکیننگ سمیت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان راستوں کی مکمل نقشہ سازی کر رہے ہیں۔

ترک ٹی وی نے پہلی مرتبہ ان زیرزمین راستوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جو صدیوں سے زمین کے نیچے موجود تھے۔

ترک حکومت زیرزمین سرنگوں اور راستوں کے بعض حصوں کو مستقبل میں سیاحوں کے لیے کھولنے پر بھی غور کر رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button