
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عالیہ نیلم نے 2018 میں سکیورٹی واپس لینے کےمعاملہ میں وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی کیس واپس لینے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح کیس واپس لینے کی اجازت سے دیگر کیسوں میں پرابلم ہو سکتی ہے،اس طرح درخواست بحال کرکے کیس واپس لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سکیورٹی کی فراہمی کا دائر کیس واپس لینے کیلئے بائیو میٹرک کرائے بغیر درخواست دائر کی، بائیو میٹرک وکالت نامہ پیش نہ کرنے پر درخواست بوجہ عدم پیروی مسترد کر دی گئی،وکیل محسن نقوی نے موقف اپنایا کہ درخواست بحال کرکے کیس واپس لینے کی اجازت دی جائے،اب درخواست گزار کو وزیر داخلہ کی حیثیت سے سیکورٹی مل چکی ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے ذہنی طور پر غیر مستحکم بھائی صفدر کی جائیداد کو دھوکہ دہی اور جعل سازی سے اپنے نام منتقل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جائیداد کی مزید منتقلی روکنے کے سول کورٹ کے عبوری حکم کی توثیق کرتے ہوئےبہن مسرت کی درخواست خارج کردی، بہن مسرت نے سول کورٹ چنیوٹ میں دائر دعویٰ میں موقف اختیار کیا کہ بھائی کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں اور کسی بھی قانونی لین دین کی صلاحیت نہیں رکھتا،محبوب علی اور مسرت نے ملی بھگت، فراڈ اور غلط بیانی سے 25 جون 2023 کا دستبرداری نامہ اور ہبہ نامہ رجسٹرڈ کروا کر جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی،سول کورٹ چنیوٹ نے 19 اپریل 2024 کو صفدر کی ذہنی صلاحیت کے حوالے سے انکوائری کی، عدالت نے مشاہدہ کیا کہ صفدر عدالت کے سامنے پیش ہو کر اپنے نام کے علاوہ کوئی اور سوال سمجھنے یا اس کا جواب دینے سے قاصر رہا، البتہ اس نے یہ بتایا کہ فریقین اس کے حقیقی بہن بھائی ہیں،اس بنیاد پر ٹرائل کورٹ نے مقدمے کے حتمی فیصلے تک جائیداد کی مزید منتقلی پر پابندی عائد کر دی تھی، جسے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج چنیوٹ نے بھی اپریل 2026 میں برقرار رکھا تھا،ہائیکورٹ میں درخواست گزار کے وکلاء نے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کا عبوری حکم کالعدم قرار دیا جائے،عدالت نے تحریری فیصلے میں ریمارکس دیئے کہ اگر رضامندی دھوکہ دہی، غلط بیانی یا زبردستی سے حاصل کی گئی ہو تو وہ معاہدہ قانوناً باطل ہے، سول کورٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج چنیوٹ کے احکامات قانونی، جائز اور منطقی ہیں،تاہم ٹرائل کورٹ فریقین کے دلائل اور شواہد کی روشنی میں مقدمے کا فیصلہ میرٹ پر کرے ۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس جواد ظفر نےشوگر بیگز قرقی کیخلاف رحیم یار خان شوگر ملز کی اپیل پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ذاتی وجوہات کی بناء پر یہ نہیں سن سکتےہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے خشک دھنیا اور خشخاش کو کیمیکل اور رنگ کرنے کے مقدمہ میں درخواست ضمانت خارج ہونے کے خلاف اپیل قابل سماعت ہونے کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی، ملزم فیصل حمید کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت عالیہ نے حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کی،محکمہ فوڈ اتھارٹی نے سات جولائی 2026 کو درخواست گزار کے خلاف فیصل آباد مقدمہ درج کیاپراسیسنگ یونٹ سے گرفتار ملازم کی درخواست ضمانت منظور ہو چکی ہے،فوڈ اتھارٹی کے مطابق پراسیسنگ یونٹ میں دھنیا کو رنگ جبکہ خشخاش میں ملاوٹ کی جا رہی تھی رپورٹ کے مطابق دھنیا پر رنگ کرنے یا کیمیکل لگانا ثابت نہیں ہو سکاخشخاش میں فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق مٹی ہونے کی شرح درج ہے،رپورٹ کے مطابق خشخاش میں مٹی کی شرح درج قوانین کے مطابق پائی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس خالد اسحاق نے فیس واپسی کی درخواست پر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے آئندہ سماعت پر تحریری جواب طلب کرلیا،ہانیہ شفیع نے موقف اپنایا کہ لاہور کالج وویمن میں فرسٹ ائیر میں داخلہ لیااور 66 ہزار روپے فیس جمع کروائی، میٹرک کا رزلٹ آنے کے بعد دوسرے کالج میں داخلہ لے لیا، لاہور کالج کی فرسٹ ائیر کلاسز کا آغاز بھی نہیں ہوا تھا ، فیس واپسی کی درخواست دی لیکن فیس واپس نہیں کی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےپانچ سال کی سزا کیخلاف خدیجہ شاہ کی اپیل پر سماعت بغیر کارروائی 19 نومبر تک ملتوی کر دی ،عدالت میں اپیل کنندہ کے وکیل برسٹر سمیر کھوسہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہوئے اور
سماعت ملتوی کرنے کی تحریری استدعا کی گئی ۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شہرام سرور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اسپیشل پراسیکیوٹر سے 24 نومبر کودلائل طلب کر لئے،حکومت پنجاب کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ مغلپورہ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں شاہ محمود قریشی سمیت 20 افراد کو بری کر دیا گیا تھا،حکومت پنجاب نے کیس کے لیے ایڈووکیٹ منیر احمد بھٹی کو اسپیشل پراسیکیوٹر مقرر کیا ہے،اسپیشل پراسیکیوٹر کو کیس کی فائل موصول نہیں ہو سکی۔
لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج گُل زریں کیانی (مرحوم) کی اہلیہ انتقال کر گئیں،مرحومہ کو اسلام آباد کے اوجڑی فیض آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس سردار اکبر علی نےشادمان میں موٹر سائیکل سوار کو روکنے پرہلاکت کا کیس میں ٹریفک اہلکار سلطان الحق کی عبوری ضمانت مسترد کر دی،وکیل نے موقف اپنایا کہ محمد زین کو 26 اگست کو ٹریفک اہلکار نے سڑک کے درمیان جا کر دھکا دیا،ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد محمد زین یکم ستمبر 2026 کو جاں بحق ہو گیا،جاں بحق ہونے والے محمد زین کو قتل کیا گیا یہ حادثہ نہیں ہے۔
سپیشل سینٹرل کورٹ نےاربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کیس میں پرویز الٰہی کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے، عدالت نے مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے جبکہ پرویز الٰہی کی بہو زارا الٰہی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے، عدالت نے پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 9 مئی ،جناح ہاؤس ، عسکری ٹاور حملہ سمیت4 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانتوں میں 8 دسمبر تک توسیع کر دی ،عدالت نے آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔



