latest newsPolitics

سندھ کی تقسیم زبردستی کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا، بلاول بھٹو کا انتباہ

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کی تقسیم زبردستی مسلط کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا اور اس کا جواب طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدام سے معاشرے میں دشمنی بڑھے گی اور عام لوگ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔ سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا ہے، اس کا حل سیاسی ری سیٹ میں ہے۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔ وہ خود بھی نظام کے کولیپس ہونے میں اپنی ذمہ داری تسلیم کرتے ہیں۔ ملک کو غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، جس کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو پارلیمان پر اعتماد نہیں اور اس اعتماد کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پارلیمان ملک کا طاقتور ادارہ ہے، جہاں ہر معاملے پر اختلاف رائے کی گنجائش ہونی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے۔ حکومت کو پی ٹی آئی کے پاس جاکر بات کرنی چاہیے۔ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے تیار ہے تو گورنر راج ختم ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے، اسے جیل جانا پڑتا ہے۔ کیا یہ تسلیم کرلیا جائے کہ تمام وزرائے اعظم چور تھے یا پھر یہ سیاسی انتقام ہے؟ وہ ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں جب کوئی وزیراعظم بننے کے بعد جیل نہ جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں، تاہم حکومت کو ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم میں جو کردار ادا کیا، اس کے بغیر موجودہ حکومت اقتدار میں نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت پر تنقید کرنا ہے اور انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے 27ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں ترمیم مکمل اتفاق رائے اور باہمی رضامندی سے منظور کرائی گئی تھی، لیکن 27ویں ترمیم کے لیے ایسا نہیں کیا گیا بلکہ جبری اکثریت استعمال کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے کے بعد اپوزیشن سے دو ترامیم منظور کرائی گئیں اور اب تیسری ترمیم کی بات کی جا رہی ہے۔ 27ویں ترمیم کے بعد سینئر ججوں کے استعفوں سے ظاہر ہوا کہ عدلیہ کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔ سب سے پہلے عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان اور میڈیا ملک کے اہم ادارے ہیں۔ پارلیمان میں اختلاف رائے ہونا چاہیے، تاہم اپوزیشن کو اس پر اعتماد نہیں اور اسے بحال کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اپنے وزرا کو کنٹرول کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا اور چاہتے ہیں کہ وہ کامیاب ہوں، تاہم چور دروازوں سے کیے جانے والے فیصلے مستقل نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبوں سے متعلق نہ وزیراعظم اور نہ ہی کابینہ میں کوئی بات ہوئی۔ اس معاملے پر زور زبردستی بحث کرائی جا رہی ہے، حالانکہ پارلیمان تو دور کی بات، کابینہ میں بھی اس پر بحث نہیں ہوئی۔

انہوں نے عدالتی نظام سے متعلق کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا عدالتی نظام ڈیم بنانے کے لیے نہ نکلے، جب مرض ایک ہو اور علاج دوسرا تجویز کیا جائے تو مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں میڈیا اتنا کمزور کبھی نہیں ہوا جتنا آج ہے۔ اگر صحافی اس خوف میں مبتلا ہوں کہ سچ بولنے پر ان کے خلاف کارروائی ہوگی تو وہ آزادانہ طور پر کام کیسے کرسکیں گے۔ صحافیوں کو وہ طاقت اور آزادی ملنی چاہیے جو ان کا حق ہے۔

ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے۔ مہنگائی جس تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس میں عام آدمی کے لیے گزارہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہیں فکر ہے کہ غریب اور پسماندہ طبقہ ان حالات کا مقابلہ کیسے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان عوامی مسائل بھول کر نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں کرپشن بنیادی مسئلہ ہے لیکن اسے ختم کرنے میں کسی کی دلچسپی نظر نہیں آتی۔ جب تک الیکشن کمیشن پر اعتماد بحال نہیں ہوگا، انتخابات پر بھی اعتماد قائم نہیں ہوسکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین، قانون اور عوامی خواہشات کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم سندھ کی تقسیم زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے اقدام سے معاشرے میں تقسیم بڑھے گی، دشمنی پیدا ہوگی اور سندھ میں بھائی بھائی کے خلاف کھڑا ہوسکتا ہے۔ وہ خون خرابہ نہیں دیکھنا چاہتے اور عوام کی تائید سے بننے والے صوبوں کے حامی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی بات درست نہیں، اصل معاملہ نیت اور آئینی طریقہ کار کا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں غیر جمہوری اقدامات کے لیے بھی ریفرنڈم کرائے گئے، جبکہ آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار پہلے سے موجود ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ محسن نقوی کیا کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو آئینی، جمہوری اور قانونی طریقہ اختیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ان کے حصے کے مالی وسائل نہیں مل رہے۔ ایک طرف صوبائی وسائل پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے اور دوسری طرف صوبائی حکومتوں سے صحت اور سڑکوں کی خراب صورتحال پر سوال کیا جاتا ہے۔ وفاقی حکومت ذمہ دار ہے کہ پیسہ عوام پر کیوں خرچ نہیں ہورہا۔

بلاول بھٹو کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے، جو انہیں نہیں مل رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کو دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی ماضی میں زبردستی کیا گیا تھا، لیکن ون یونٹ کے قیام کے باوجود سندھ کے عوام نے مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایسا فیصلہ کرنا چاہتے ہیں جس کے بعد کل بھی عوام کے سامنے جاکر انتخابات لڑ سکیں۔ نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افراد کبھی انتخاب نہیں جیتے اور ان کے سیاسی مستقبل کا انحصار عوامی ووٹ پر نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں عوام نئے صوبوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہاں کسی وفاقی وزیر کی توجہ نہیں ہے۔ نئے صوبوں کا قیام عوامی خواہشات، آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button