بلاول بھٹو کا 27ویں ترمیم سے متعلق بیان ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا کرسکتا ہے، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرانے کا بیان ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا کرسکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر کسی جماعت کا سربراہ یہ کہے کہ اس نے دباؤ میں آکر آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تو اس بیان کی بنیاد پر اس کی نااہلی کا معاملہ بھی بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو 27ویں ترمیم کے تحت قائم ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے بینیفشری اور اس کے رکن بھی ہیں۔ ان کے بقول بلاول نے سندھ کی تقسیم سے متعلق باتوں پر ناراضی کے باعث یہ بیانات دیے ہیں، کیونکہ پیپلزپارٹی کو ابتدا ہی سے سندھ کی تقسیم کے معاملے پر تحفظات ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی بحث ابھی پارلیمنٹ یا کابینہ میں شروع نہیں ہوئی۔ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہی ہوگا اور اس معاملے پر اتفاق رائے ضروری ہے۔ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں، اس سے تمام سیاسی جماعتوں کو رہنمائی مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران سیاسی تلخیاں موجود تھیں، تاہم بلاول بھٹو نے انہیں ختم کرنے اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کی بات کی تھی۔ فیصل کریم کنڈی بھی خیبرپختونخوا میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف تقاریر کررہے ہیں، بلاول کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کے بیانات کا جواب دینے کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئی ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر عمیر نیازی نے سوال اٹھایا کہ جب ایک بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ 27ویں ترمیم سے متعلق اس نوعیت کا بیان دے رہا ہے تو پھر اس ترمیم کی آئینی حیثیت کیا رہ جاتی ہے؟
عمیر نیازی نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی کی درخواست مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور الیکشن کمیشن نے دائر کی تھی۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو نے پورے نظام کی خرابی کی بات کی ہے اور یہ کہہ کر پیپلزپارٹی اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، بلکہ اس بیان سے اس عمل میں شریک افراد بے نقاب ہوئے ہیں۔



