latest newsWorld
سائبیریا میں روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ، 17 افراد ہلاک

روس کے علاقے سائبیریا کے صوبے کیمیروو میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
روسی میڈیا کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے کی شناخت اے این 12 (An-12) کے نام سے ہوئی ہے۔ طیارے میں 17 افراد سوار تھے۔
رپورٹ میں عینی شاہد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی، جس کے بعد وہ تیزی سے زمین کی جانب آیا اور ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔
کیمیروو کے گورنر ایلیا سیریڈیوک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر بتایا کہ ضلع یاگونوو میں فضائی حادثہ پیش آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکام امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
روسی وزارتِ دفاع نے تاحال حادثے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔



