ایس آئی ایف سی کا چین سے 20 ارب ڈالر، سعودی عرب سے 2.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا دعویٰ

سینیٹ کے لیے تیار کردہ ایس آئی ایف سی کی پریزنٹیشن کے مطابق کونسل نے مختلف وزارتوں اور محکموں میں سرمایہ کاری کے 553 وعدوں کا جائزہ لیا، جن میں سے 80 منصوبے، یعنی 14.47 فیصد، عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔ ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 2.64 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
چین کو پاکستان کا اہم سرمایہ کاری شراکت دار قرار دیتے ہوئے ایس آئی ایف سی نے بتایا کہ چین سرمایہ کاری اشتراکی پروگرام کے تحت تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی ذخیرہ کرنے، دوا سازی اور دیگر شعبوں میں کاروباری روابط شامل ہیں۔
پریزنٹیشن کے مطابق 4 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں ہونے والے پہلے پاک چین بزنس ٹو بزنس اجلاس میں 9.3 ارب ڈالر مالیت کی 129 مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، جن میں سے 1.2 ارب ڈالر کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔
اسی طرح 19 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران 2.1 ارب ڈالر مالیت کی 99 مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا، جن میں سے 56 ملین ڈالر کے منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔
مئی 2026 میں لاہور میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے کاروباری فورم میں 636 ملین ڈالر مالیت کی 54 مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، جن میں سے 136 ملین ڈالر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 24 مئی 2026 کو ہانگ ژو میں ہونے والی سرمایہ کاری گول میز کانفرنس کے تحت 6.6 ارب ڈالر کی فعال سرمایہ کاری پائپ لائن جبکہ 1.2 ارب ڈالر کے منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔
جولائی 2026 میں اسلام آباد میں دوا سازی کے شعبے میں ہونے والے روابط کے نتیجے میں 629.5 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے بھی طے پائے۔
چینی کمپنیوں کے ساتھ مجوزہ منصوبوں میں ایف ایف سی اور ہوا لو انجینئرنگ کا 1.2 ارب ڈالر مالیت کا کھاد سازی کا منصوبہ شامل ہے، جس کے تحت تھر کے لگنائٹ سے یوریا تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایف یو انرجی کا 240 ملین ڈالر کا الیکٹرک گاڑیوں اور سولر پینلز کی تیاری کا منصوبہ اور ایشیا پاک کا 223 ملین ڈالر کا پلازما جمع کرنے کا مرکز بھی شامل ہیں۔
دیگر منصوبوں میں ایچ آر ایل اور وائی ٹی او کا 100 ملین ڈالر کا ای کامرس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی چھانٹی و تقسیم کا منصوبہ، سوگو گروپ کا 50 ملین ڈالر کا لیتھیم بیٹری اسمبلنگ پلانٹ اور اسکائی 47 کا 120 ملین ڈالر کا ڈیٹا سینٹر شامل ہے۔ پریزنٹیشن میں مصنوعی ذہانت کے لیے کلاؤڈ انفراسٹرکچر، سولر انورٹرز اور بیٹری انرجی اسٹوریج کی تیاری کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے کاروباری روابط کے حوالے سے ایس آئی ایف سی نے بتایا کہ 2024 میں پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن میں سرمایہ کاری سے متعلق 13، تجارت سے متعلق 14 اور ترسیلاتِ زر سے متعلق 7 معاہدے شامل تھے۔ ان معاہدوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی گئی۔
شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق بجلی کے شعبے میں 1.25 ارب ڈالر، صحت میں 256 ملین ڈالر، زراعت و خوراک میں 207 ملین ڈالر، انسانی وسائل میں 180 ملین ڈالر، پٹرولیم میں 170 ملین ڈالر، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 107 ملین ڈالر، صنعت میں 100 ملین ڈالر اور کان کنی میں 30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
ایس آئی ایف سی نے 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے انعقاد میں سہولت کاری کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ فورم میں ایک ہزار سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں 300 یورپی اور 600 پاکستانی کمپنیاں شامل تھیں۔ اس موقع پر کاروباری اداروں کے درمیان 600 سے زائد جبکہ کاروباری اور مالیاتی اداروں کے درمیان بھی روابط قائم ہوئے۔
یورپی انویسٹمنٹ بینک نے دو منصوبوں کے لیے 160 ملین یورو کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کیے، جبکہ ایس آئی ایف سی نے 11 شعبوں میں سرمایہ کاری کے 38 مواقع کی نشاندہی کی، جن میں مجوزہ سرمایہ کاری کا حجم 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرتا ہے۔
ان شعبوں میں صنعت و پیداوار، کان کنی، تیل و گیس، ریلوے، سڑکیں، بندرگاہیں، بحری امور، بجلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، دوا سازی، صحت، سیاحت، غذائی تحفظ اور زراعت شامل ہیں۔
پریزنٹیشن میں ایس آئی ایف سی کے کنٹری ڈیسک کے تحت شامل خطوں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین اور مشرق بعید، قطر، کویت، یورپ، براعظم امریکا، وسطی ایشیائی ممالک، روس، مشرق وسطیٰ اور افریقا شامل ہیں۔



