پاکستان کا بھارت میں اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: پاکستان نے بھارت میں شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی ویٹرنز کرکٹ ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت نہیں مل سکی۔
رپورٹس کے مطابق اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں منعقدہ اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا اور اسے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے آئندہ ایونٹ میں شرکت کرنا تھی۔
چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان نے بتایا کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کے اجرا اور اعلیٰ سطح کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے اجازت طلب کی تھی، تاہم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انہیں آگاہ کیا کہ ٹیم کو شرکت کی اجازت نہیں دی جارہی۔
فواد اعجاز خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن حکومت کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور اجازت نہ ملنے کے باعث ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے منتظمین اور شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔



