latest newsSports

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ 2026 کے فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرے کوارٹر میں دو گول کی برتری حاصل کی تاہم میزبان ٹیم نے میچ میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن کوئی ٹیم کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے 19 ویں منٹ میں رانا ولید نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو ایک، صفر کی برتری دلائی جبکہ 23 ویں منٹ میں محمد عثمان نے گول کرکے برتری دو، صفر کردی۔
تاہم پاکستان کی دو گول کی برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 25 ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد آدم جوہری نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے خسارہ کم کردیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کو دو، ایک کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا اور متعدد پنالٹی کارنرز حاصل کیے تاہم پاکستانی دفاع نے برتری برقرار رکھی۔
چوتھے کوارٹر میں ملائیشیا کو بالآخر کامیابی ملی جب 49 ویں منٹ میں دھیرش گناسیلن نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ دو، دو سے برابر کردیا۔
میچ کے 57 ویں منٹ میں پاکستان کے حمزہ علی کو یلو کارڈ بھی دکھایا گیا، تاہم مقررہ وقت کے اختتام تک مزید کوئی گول نہ ہوسکا اور فائنل کا فیصلہ شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
شوٹ آؤٹ میں ملائیشیا نے پہلے دو مواقع پر گول کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے حمزہ فیاض اپنی کوشش میں ناکام رہے۔ بعد ازاں حمزہ علی نے پاکستان کا پہلا گول اسکور کیا۔
پاکستان کے رانا ولید نے شوٹ آؤٹ میں دو مرتبہ گیند کو گول میں پہنچایا اور مقابلہ تین، تین سے برابر کردیا۔
ملائیشیا کی جانب سے اے افیرالسیہ نے چوتھا گول اسکور کرکے میزبان ٹیم کو چار، تین کی برتری دلائی۔ پاکستان کے محمد عماد آخری کوشش میں گول نہ کرسکے اور یوں ملائیشیا نے شوٹ آؤٹ پر کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے شوٹ آؤٹ میں حمزہ علی نے ایک جبکہ رانا ولید نے دو گول اسکور کیے۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے دس سال کے وقفے کے بعد سلطان آف جوہر کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی جونیئر ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی اور دس سال بعد فائنل میں رسائی اور سلور میڈل کا حصول پاکستان کی جونیئر ہاکی کے لیے اہم کامیابی ہے۔
فائنل میں شکست کے باوجود قومی جونیئر ٹیم کی مجموعی کارکردگی پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں دو گول کی برتری برقرار نہ رکھ پانا ایک ایسا پہلو ہے جس پر ٹیم انتظامیہ کو مزید کام کرنا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button