crimelatest news

پشاور میں کپڑوں کا کاروبار کرنے والی خاتون قتل، سونا اور رقم بھی لوٹ لی گئی

پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے موسیٰ زئی سوڑیزئی میں کپڑوں کا کاروبار کرنے والی خاتون کو تشدد کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر ان کے کانوں سے سونے کی بالیاں، چین اور نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے پیر کی رات سوڑیزئی اراضیات سے ثمینہ بی بی زوجہ سید فراز، سکنہ ہشتنگری، کی لاش برآمد کی۔ مقتولہ کپڑے فروخت کرنے کے لیے گھر سے نکلی تھیں، جس کے بعد ان کی لاش تشدد زدہ حالت میں ملی۔

مقتولہ کے شوہر سید فراز اور دیگر اہل خانہ نے بتایا کہ مقامی سابق ناظم نے سوشل میڈیا پر شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد انہیں قتل کی اطلاع دی۔ ورثا کے مطابق ثمینہ بی بی کے ہاتھوں پر چھریوں کے وار کے نشانات تھے، جبکہ سر پر بھی چوٹیں موجود تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خاتون کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔

اہل خانہ کے مطابق ثمینہ بی بی گزشتہ 10 سے 12 سال سے کپڑوں کی خرید و فروخت کے کاروبار سے وابستہ تھیں اور گھر گھر جاکر کپڑے فروخت کرتی تھیں۔ واقعے کے روز انہیں فون کالز موصول ہوئی تھیں، جن میں شادی کی تقریب کے لیے مردانہ کپڑوں کے 10 اور زنانہ کپڑوں کے 4 جوڑے لانے کا کہا گیا تھا۔

ورثا نے بتایا کہ ثمینہ نے اپنے کم سن بیٹے کو مدرسے بھیجا اور خود پہلے کپڑے خریدنے کے لیے بازار گئیں، جس کے بعد موسیٰ زئی روانہ ہوگئیں۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ نامعلوم ملزمان ان سے سونا اور نقد رقم بھی لے گئے۔

مقتولہ کے شوہر رنگ سازی کا کام کرتے ہیں، جبکہ ثمینہ بی بی اپنے شوہر کے ساتھ ساتھ خاندان کے دیگر افراد کا بھی سہارا تھیں۔ ان کے چار بچے ہیں۔

اہل خانہ نے سی سی پی او پشاور سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد بے نقاب کرکے گرفتار کیا جائے۔

پولیس کے مطابق قتل کی واردات کا سراغ لگانے کے لیے مقتولہ کے موبائل فون ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button