latest newsWorld

عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی، ایئر فرانس اور کے ایل ایم پر 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر جرمانہ

100 سے زائد کے ایل ایم اور 30 سے زائد ایئر فرانس کی پروازیں مقررہ بلندی سے کم پر پرواز کرتی رہیں، خلاف ورزیاں 2022 سے 2025 کے دوران ہوئیں
امریکا نے عراقی فضائی حدود میں مقررہ بلندی سے کم پر پرواز کرنے پر فرانسیسی ایئرلائن ایئر فرانس اور نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 11 کروڑ 75 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق دونوں ایئرلائنز پر عراق کے بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن میں 32 ہزار فٹ سے کم بلندی پر پرواز کرنے کا الزام ہے۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی ایئرلائنز کی پروازوں پر اس فضائی حدود میں مخصوص بلندی سے نیچے پرواز کرنے کی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ خلاف ورزیاں 2022 سے 2025 کے درمیان ہوئیں۔ اس عرصے میں ایئر فرانس کی 30 سے زائد جبکہ کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں ممنوعہ عراقی فضائی حدود سے گزریں۔

جرمانے کی مجموعی رقم میں سے کے ایل ایم کو 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر جبکہ ایئر فرانس کو ایک لاکھ 5 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ دونوں کمپنیوں کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 65 ہزار ڈالر اگلے 60 دن کے اندر ادا کرنا ہوں گے، جبکہ باقی رقم اس صورت میں معاف ہوسکتی ہے اگر وہ آئندہ ایک سال کے دوران ایسی خلاف ورزی دوبارہ نہ کریں۔

امریکی حکام کے مطابق دونوں ایئرلائنز کی متعلقہ پروازیں امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کے تحت چلائی جا رہی تھیں۔ ایسے معاہدوں کے تحت متعلقہ پروازوں پر امریکی حفاظتی ضوابط کا اطلاق ہوتا ہے۔

ایئر فرانس اور کے ایل ایم نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ ریگولیٹری قوانین کی پابندی کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں کمپنیوں کے مطابق متعلقہ پروازوں کے دوران فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث عراقی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے پائلٹس کو بلندی کم کرنے یا مزید بلندی پر نہ جانے کی براہِ راست ہدایات دی تھیں۔

ایئرلائنز کا مؤقف ہے کہ پروازوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ان ہدایات پر عمل کرنا ضروری تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button