latest newsPakistan
ریلویز میں ہنگامی حالت نافذ، فیلڈ افسران کی چھٹیاں 3 ماہ کے لیے منسوخ
31 دسمبر تک ہنگامی اقدامات جاری رہیں گے، افسران کو اتوار کو بھی ٹرین آپریشنز کی نگرانی کی ہدایت

اسلام آباد(عمران اسلم) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنانے کے لیے پاکستان ریلویز میں 31 دسمبر 2026 تک ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ہنگامی اقدامات کے تحت فیلڈ افسران کی تمام چھٹیاں تین ماہ کے لیے منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ افسران کو اتوار کے روز بھی فیلڈ میں جاکر ٹرین آپریشنز کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ریلوے افسران کو سرکاری امور کے سلسلے میں دوسرے شہر جانے کے لیے ٹرین کے ذریعے سفر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ وہ خود ریلوے آپریشنز اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لے سکیں۔
سول اور مکینیکل شعبوں کے چیف انجینئرز کو روزانہ اپنے متعلقہ امور کے بارے میں وزارت کو رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سیفٹی ہیڈ سے بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق مسافروں کو محفوظ ترین سفر فراہم کیا جائے گا۔



